حکومت نے ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کیخلاف ووٹ دیے جانے کی خبریں بے بنیاد قرار دے دیں

کچھ حلقے ایف اے ٹی ایف سے متعلق غلط اور بے بنیاد معلومات شیئر کررہے ہیں، کل کا اتفاق رائے سے بغیر کسی ووٹنگ کے فیصلہ ہماری سفارتی فتح ہے: وفاقی وزیر صنعت و تجارت حماد اظہر

muhammad ali محمد علی ہفتہ 24 اکتوبر 2020 20:36

حکومت نے ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کیخلاف ووٹ دیے جانے کی خبریں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2020ء) حکومت نے ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کیخلاف ووٹ دیے جانے کی خبریں بے بنیاد قرار دے دیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پیرس میں ہوئے ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پاکستان نے دیے گئے بیشتر ایکشن پوائنٹس پر عمل کر لیا ہے، صرف 6 پوائنٹس پر مزید پیش رفت کی ضرورت ہے۔

ان 6 پوائنٹس پر مزید پیش رفت کیے جانے پر پاکستان کا نام فروری 2021 میں گرے لسٹ سے نکالا جا سکتا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے اس اعلامیہ کو پاکستان کیلئے مثبت خبر قرار دیا گیا۔ تاہم کچھ عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک خبر پھیلائی گئی، جس کے مطابق ایف اے ٹی ایف اجلاس کے دوران ایک اسلامی ملک نے پاکستان کیخلاف ووٹ دیا، جبکہ کچھ اسلامی مملک نے ووٹنگ میں حصہ ہی نہیں لیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وفاقی وزیر حماد اظہر کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر صنعت و تجارت حماد اظہر نے کہا ہے کہ کچھ حلقے ایف اے ٹی ایف سے متعلق غلط اور بے بنیاد معلومات شیئر کررہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔ ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے ہماری اعلی سطح کی سیاسی وابستگی اور نمایاں پیشرفت کا اعتراف کیا ہے۔



وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ کل کا اتفاق رائے سے بغیر کسی ووٹنگ کے فیصلہ ہماری سفارتی فتح ہے۔ اس طرح کسی بھی ووٹنگ کے معیار (کسی بھی ووٹنگ نمبر کے لئے) کا اطلاق نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ایف اے ٹی ایف سے متعلق کچھ حلقے اجلاس میں نظرانداز کرنے یا منفی رائے دہندگی سے متعلق غلط اور بے بنیاد معلومات کی تشہیر کررہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

جعلی خبروں میں مذکورہ کچھ ممالک ایف اے ٹی ایف کے ممبر بھی نہیں ہیں۔ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف پر وسیع پیمانے پر بین الاقوامی تعاون حاصل ہے۔ وفاقی وزیر نے اس سے قبل جاری بیان میں کہا تھا کہ فیٹف انتظامیہ نے تصدیق کی ہے پاکستان کے سر سے بلیک لسٹ کی تلوار مکمل طور پر ہٹ چکی ہے۔ وفاقی وزیر صنعت وپیداوا ر حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان نے فیٹف ایکشن پلان پر شاندار پیشرفت کی ہے، 27 میں سے 21 نکات پر پاکستان کلیئر ہوچکا، بقیہ 6 کو بھی جزوی طور پر مکمل قرار دیا گیا ہے۔

ایک سال کے اندر پاکستان نے 5 سے 21 نکات تک کامیابی حاصل کی ہے۔ موجودہ صورتحال کی کیفیت آئندہ کے تجزیے کیلئے پاکستان کی معاونت پر مرکوز رہی۔ کرونا وبا کے باوجود اس سنگ میل کیلئے شب و روز محنت کرنے والی وفاقی و صوبائی ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔