تحریک فتح کی سوڈان کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی شدید مذمت

فلسطینی قوم اپنے حقوق کے خلاف ہونے والی سازشوں کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ناکام بنائے گی،ترجمان

اتوار 25 اکتوبر 2020 15:30

مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) فلسطین تنظیم تحریک فتح نے اسرائیل کو تسلیم کرنے پر سوڈانی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق تحریک فتح کے ترجمان اسامہ القواسمی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ سوڈان نے اسرائیل کو تسلیم کرکے مظلوم فلسطینی قوم پر مظالم کا سلسلہ بڑھانے میں اسرائیل کی مدد کی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل سوڈان سے تعلقات استوار کرنے سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے القدس اور مسجد اقصی پر اپنی اجارہ داری مزید مضبوط کرنے، فلسطینی علاقوں پر غیرقانونی تسلط کی توسیع اور فلسطینیوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ بڑھا دے گا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم اپنے حقوق کے خلاف ہونے والی سازشوں کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ناکام بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن فلسطینی قوم سے شروع ہوتا اور فلسطینی قوم پر ختم ہوتا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سوڈانی قوم خرطوم حکومت کے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے اقدام کے خلاف ہے۔ سوڈان کی محب وطن اور فلسطینی قوم کی حامی قوتیں خرطوم حکومت کے اس اقدام پر سخت ناراض ہیں۔

متعلقہ عنوان :