خاتون صحافی لونا الشبل شامی صدر بشار الاسد کی نئی مشیر تعینات

ْ لونا الشبل کی تعیناتی کے بعد سابق مشیر بثنیہ کے مستقبل کے بارے میں سوال اٹھنے لگے،رپورٹ

پیر 16 نومبر 2020 12:20

خاتون صحافی لونا الشبل شامی صدر بشار الاسد کی نئی مشیر تعینات
دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2020ء) شامی حکومت نے بتایا ہے کہ خاتون صحافی لونا الشبل کو صدر بشار الاسد کی نئی مشیر تعینات کیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شامی حکومت کے سرکاری اور وفادار نجی چینلوں کی رپورٹس اور سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی خبروں میں بتایا گیا کہ لونا الشبل کو صدر اسد کی خصوصی مشیر تعینات کیا گیا ہے مگر وہ اپنی سابقہ ذمہ داریاں بھی انجام دیتی رہیں گی۔

خیال رہے گذشتہ کئی سال سے بثنیہ شعبان کو صدر بشار الاسد اور اسد رجیم کا ابلاغی چہرہ قرار دیا جاتا رہا ہے۔ بثنیہ نے کئی سال تک بشار الاسد کی میڈیا میں ترجمانی کی مگر لونا الشبل کی تعیناتی کے بعد بثنیہ کے مستقبل کے بارے میں سوال اٹھنے لگے ہیں۔یہ سوال مختلف ذرائع نے پوچھا کہ الشبل کی تقرری کے بعد کیا بثنیہ شعبان کو ان کی ذمہ داریوں سے ہٹا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بثنیہ شعبان کو صدر بشارالاسد کا قریبی اور انتہائی وفادار سمجھا جاتا ہے۔ بثنیہ شعبان کو ایران کے قریب ہونے کی وجہ سے ایرانی رجیم اور اسد رجیم کے درمیان رابطے کا اہم اور قابل اعتبار ذریعہ بھی قرار دیا جاتا رہا ہے۔حال ہی میں بثنیہ شعبان کا ایک مضمون اخبارات کی زینت بنا جس میں انہوں نے خطے میں امریکی کردار کے حوالے سے انہی اصطلاحات کا استعمال کیا تھا جو عموما ایرانی سیاست دان استعمال کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ بثنیہ شعبان کو کسی حد تک اصلاح پسند اور اعتدال پسند بھی قرار دیا جاتا ہے اور ان کی گفتگو اور تحریروں میں امریکا کو ایک مکمل دشمن کے بجائے ایک سیاسی حریف کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔