متحدہ عرب امارات میں ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کو سُکھ کا سانس مل گیا

اماراتی حکومت نے غیر قانونی تارکین کو31 دسمبر تک کی مہلت دے دی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 17 نومبر 2020 14:23

متحدہ عرب امارات میں ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کو سُکھ کا سانس مل گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،17 نومبر2020ء ) متحدہ عرب امارات کی جانب سے اعلان کیا تھا کہ آج رات کو تارکین وطن کو دی گئی مہلت ختم ہو رہی ہے۔ جو افراد اپنا ویزہ سٹیٹس تبدیل نہیں کروائیں گے یا امارات سے واپس نہیں جائیں گے، ان پر کل سے بھاری جرمانے عائد ہوں گے۔ اس خبر سے ہزاروں افراد میں پریشانی کی لہر دوڑا دی تھی، تاہم امارات کی مہربان حکومت نے ایک بار پھر پریشان حال غیر قانونی تارکین کوخوش خبری دے دی ہے کہ انہیں 31 دسمبر 2020ء تک کی مہلت دے دی گئی ہے۔

اس طرح وہ مزید ڈیڑھ ماہ تک جرمانوں سے بچے رہیں گے۔ فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (ICA) کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ویزہ قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث تمام افراد کے لیے ڈیڈ لائن میں توسیع کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اب وہ 31 دسمبر 2020ء تک اپنے ویزوں کی تجدید کروا سکیں گے یا امارت سے واپس جا کر جرمانوں سے بچ سکیں گے۔ یہ رعایت ان افراد کو دی گئی ہے جن کے ویزے یکم مارچ سے پہلے ایکسپائر ہو گئے تھے۔

یہ مہلت رہائشی، وزٹ اور ٹورسٹ ویزہ پر آنے والے تمام افراد کو حاصل ہو گی۔واضح رہے کہ آج کے اعلان سے قبل متحدہ عرب امارات نے خبردار کیا تھا کہ جن افراد کے ویزے یکم مارچ سے قبل ایکسپائر ہو گئے تھے اور اس کے بعد انہوں نے اپنا ویزہ سٹیٹس تبدیل نہیں کروایا یا پھر امارات سے وطن واپسی نہیں کی، ان کے لیے آج 17 نومبر کو آخری روز کی مہلت ہے۔ کل سے ان پر جرمانے عائد ہونا شروع ہوں گے۔

فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (FAIC) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سعید رکان الرشیدی نے کہا تھا کہ جن اماراتی حکومت نے ان ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کوچندماہ کی رعایتی مہلت دی تھی جن کے ٹورسٹ یا رہائشی ویزے یکم مارچ سے قبل ایکسپائر ہو گئے تھے۔قبل ازیں یہ رعایتی مُدت 18اگست 2020ء مقرر کی گئی تھی تاہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس مُدت میں تین ماہ کی توسیع کر کے ڈیڈ لائن 17 نومبر 2020ء مقرر کی گئی تھی۔ آج ایک بار پھر ڈیڈ لائن میں توسیع کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :