وفاقی کابینہ کی ہدایات کے مطابق تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع زیارت پالیسی وضع کی جائے گی، پیر نورالحق قادری

ایران عراق شام کے مقدسات کے زائرین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے، وفاقی وزیر مذہبی امور کا اجلا س سے خطاب

بدھ 18 نومبر 2020 19:32

وفاقی کابینہ کی ہدایات کے مطابق تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2020ء) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کی ہدایات کے مطابق تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک جامع زیارت پالیسی وضع کی جائے گی۔ بدھ کو جامع زیارت پالیسی کی تشکیل کیلئے بین الاوزارتی اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر وزارت مذہبی امور نور الحق قادری نے کی ،اجلاس میں وزارتِ داخلہ، خارجہ، خزانہ، پلاننگ ، مواصلات ،سٹیبلشمنٹ ڈویڑن ، اور سیکورٹی اداروں کے نمائندے شریک تھے ۔

نور الحق قادری نے کہاکہ وفاقی کابینہ کی ہدایات کے مطابق تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک جامع زیارت پالیسی وضع کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ ایران عراق شام کے مقدسات کے زائرین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

نور الحق قادری نے کہاکہ حج و عمرہ آپریٹرز کی طرز پر زیارت گروپ آپریٹرز تشکیل دئیے جائیں گے ، کوئٹہ اور تفتان میں زائرین کی عارضی رہائش، طبی اور سفری سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ بغداد، کربلا اور نجف میں زائرین اور زیارت گروپ آپریٹرز کی سہولت کیلئے اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا،براستہ سڑک سفر کرنے والے زائرین کی سہولت کیلئے روڈ نیٹ ورک مزید بہتر کیا جائے گا،جامع زیارت پالیسی کی تشکیل سے حکومتی سطح پر زائرین کی شکایات کی بروقت داد رسی ممکن ہو گی، زائرین کی سہولت کیلئے ایران ، عراق حکومتوں کے ساتھ باہمی تعاون کی یاداشت ایم یاو یو بھی دستخط ہونگے۔