دُبئی کے پوش علاقے کی مشہور بلڈنگ کی چھت سے گر کر خاتون جاں بحق

جمیرہ لیک ٹاورز میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق پولیس خود کُشی کے امکانات پر بھی غور کر رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 23 نومبر 2020 15:47

دُبئی کے پوش علاقے کی مشہور بلڈنگ کی چھت سے گر کر خاتون جاں بحق
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،23 نومبر2020ء ) دُبئی میں ایک نوجوان لڑکی کی اونچی عمارت سے گرنے کے باعث موت واقع ہو گئی ہے۔ فی الحال یہ نہیں پتا چل سکا کہ مرنے والی نے خود کُشی کی ہے یا یہ افسوس ناک واقعہ اتفاقاً پیش آیا ہے۔ مرنے والی لڑکی کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق گزشتہ روز دوپہر 2بجے پام جمیرہ کے کلسٹر جی کی اونچی عمارت کے گراؤنڈ فلور پرکسی چیز کے زور سے گرنے کی آواز آئی۔

لوگوں نے دیکھا تووہاں ایک لڑکی مردہ حالت میں پڑی تھی۔ جس پر ہر طرف شور مچ گیا۔ لوگوں نے نامعلوم لڑکی کی لاش کے گرد جمگھٹا لگا لیا۔ اسی بلڈنگ کے ایک فلور پر ملازمت کرنے والی خاتون نے بتایا کہ وہ لنچ بریک کے وقت دفتر سے باہر آ کر ایک کافی ہاؤس میں موجود تھی جب اچانک کسی چیز کے انتہائی زور سے گرنے کی آواز آئی تو کافی شاپ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

(جاری ہے)

تمام لوگ فوری طور پر باہر کو دوڑے تو وہاں ایک نامعلوم خاتون مردہ حالت میں پڑی تھی۔ لوگوں نے فوری طور پر پولیس کا اطلاع کر دی اور لڑکی کی مدد کے لیے پکارنا شروع کر دیا ۔ اس منظر کو دیکھنے کے لیے لوگوں کا رش لگ گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ مل کر فوری طور پر لوگوں کو پیچھے ہٹایا اور اس جائے وقوعہ کو سِیل کر دیا۔

پولیس کے مطابق اس واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ جس میں خود کُشی کو پہلو کو بھی سامنے رکھا جا رہا ہے۔ تاہم فوری طور پر یہ بتانا ناممکن ہے کہ خاتون نے خود کُشی کی تھی یا وہ کسی حادثے کا شکار ہو کر اچانک بلڈنگ سے نیچے آ گری ہے۔ واضح رہے کہ امارات میں کچھ عرصہ قبل ایک بھارتی نوجوان نے بھی خود کُشی کی تھی۔ جو روزگار کی غرض سے دُبئی آیا تھا اور ایک ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔ ایک روز اس کے کمرے کا دروازہ نہ کھولا تو پولیس کو بلواکر دروازہ توڑنے پر اس کی پھندے سے لٹکی لاش برآمد ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق اس نوجوان نے ملازمت نہ ملنے پر مایوسی میں یہ قدم اُٹھایا تھا۔