ہما را مذہب ہمیں تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے ،ہمیں تنازعات کا حل باہمی بات چیت سے حل کرنا چاہیے،اسد قیصر

اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے گھروں پر آمد جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی

منگل 1 دسمبر 2020 23:45

ہما را مذہب ہمیں تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے ،ہمیں تنازعات کا حل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہما را مذہب ہمیں تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے ،ہمیں تنازعات کا حل باہمی بات چیت سے حل کرنا چاہیے،قوانین کا احترام ہم سب پر لازم ہے اور اسی میں ہماری بقا اور سلامتی ہے۔اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصرنے منگل کے روز ضلع صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور میں جائیداد کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے جاں بحق ہونے والے افراد کے گھروں کا دورہ کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اسپیکر نے اس ناخوشگوار واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء سے ملاقات کی اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اسپیکر نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے اور ہمیں اس قسم کے تنازعات کا حل باہمی بات چیت سے حل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ قوانین کا احترام ہم سب پر لازم ہے اور اسی میں ہماری بقا اور سلامتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان انتہائی قیمتی ہے اور اس واقعے کا سن کر مجھے دلی طور پر صدمہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی مکمل تفتیش کے لیے صوبائی حکومت اقدامات اٹھا رہی۔انہوں نے لواحقین کو صبر و تحمل سے کام لینے اور جرگے اور باہمی گفتگو و شنید سے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کہا۔ اسپیکر نے اس ناخوشگوار واقعے میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔انہوں نے فائرنگ کے اس واقعے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔