خواجہ محمد آصف نے وزیراعظم کو استعفیٰ کیلئے 13 دن کا الٹی میٹم دیدیا

عمران خان 13 دن میں مستعفی نہ ہوئے تو پھر ان کو بتائینگے گھر کیسے جانا ہے،سابق وزیر دفاع

بدھ 2 دسمبر 2020 17:05

خواجہ محمد آصف نے وزیراعظم کو استعفیٰ کیلئے 13 دن کا الٹی میٹم دیدیا
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما و ممبر قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نیازی کو 13 دن کا الٹی میٹم ہے اور وہ اس الٹی میٹم کا وقت پورا ہونے سے قبل استعفیٰ دیدیں اسی میں ان کی کی بہتری ہے پی ڈی ایم کا جس طرح ملتان جلسہ ہوا ،اسی طرح اب وزیر اعظم کو گھر تو جانا ہی پڑیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ جس طرح وزیر اعظم عمران خان کو یہ سمجھ آگئی تھی کہ جلسہ تو ہوکر رہے گا اور اب وہ ملتان کے جلسہ کو بخوبی سمجھ جائیں اور سپنے گھر واپس چلے جائیں۔انھوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم عمران خان 13 دن میں مستعفی نہ ہوئے تو پھر ان کو بتائیں گے کہ انھوں نے گھر کیسے جانا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے جلسہ سے لے کر ملتان کے جلسہ تک فسطائی ووٹ چور حکومت نے پی ڈی ایم کا ہر جلسہ روکنے کی ناکام کوشش کی جبکہ حکومت کو ہر بار منہ کی کھانا پڑی۔ انھوں نے کہا کہ آٹا چینی چور حکومت کی ہر کوشش عوام کے سمندر نے ناکام بنادی ہے اور عوام اب پی ڈی ایم کے ساتھ ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آپ بہت جلد دیکھیں گے کہ عوام کا ایسا سمندر امڈ کر آئے گا جو آپ کی ووٹ چورظالم حکومت کو بہا کر لے جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ عوام آپ پر عدم اعتماد کرچکے اور ووٹ چور حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں بلکہ ?13 دن میں آپ نے قوم کا فیصلہ نہ مانا تو عوامی سمندر آپ کے جعلی اقتدار کے لئے سونامی ثابت ہوگا۔انھوں نے کہا کہ عوامی عدالت نے آپ کی رخصتی کا حکم لکھ دیا ہیاور پی ڈی ایم اس پر عمل درآمد کرائے گی۔