سعودی عرب میں بھی غیر معیاری مٹھائیاں فروخت ہونے لگیں

مملکت میں مختلف مقامات پر ساڑھے تین ہزار کلو غیر معیاری مٹھائیاں ضبط کر لی گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 دسمبر 2020 17:35

سعودی عرب میں بھی غیر معیاری مٹھائیاں فروخت ہونے لگیں
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 دسمبر2020ء) سعودی عرب میں ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور بیکریوں پر فروخت ہونے والی فوڈ آئٹمز کے معیار کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے، تاہم مملکت میں گزشتہ کچھ عرصے سے غیر معیاری بیکری پراڈکٹس اور مٹھائیاں فروخت کرنے کی منفی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے عوام کی صحت کو خطرے میں ڈالنے والی فوڈ آئٹمز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں کئی فوڈ یونٹس بند کیے گئے اور بھاری جرمانے بھی عائد ہوئے ہیں۔

اُردو نیوز کے مطابق سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے جاری رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ اتھارٹی کی تفتیشی ٹیموں نے گذشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف شہروں کی مارکیٹوں میں مٹھائی فروشوں کی دکانوں میں 15 سے 19 دورے کیے۔

(جاری ہے)

اس دوران مختلف دکانوں میں فروخت کی جانے والی مٹھائیوں کے نمونے حاصل کر کے ان کا لیبارٹری تجزیہ کیا گیا۔

تفتیشی ٹیموں نے 3 ہزار 565 کلوگرام غیرمعیاری مٹھائی ضبط کی جبکہ سات ہزار 187 نمونوں سے صرف 266 نمونے مطلوبہ معیار سے مطابقت نہیں رکھتے تھے۔اتھارٹی کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ جو نمونے غیر معیاری پائے گئے تھے ان میں بنیادی خلاف ورزیاں مٹھائیوں کی تیاری میں ضوابط پر عمل نہ کرنا تھا جن میں تیار کی جانے والی مٹھائی کے پیکٹوں پر اجزا کو تحریرکرنے کے علاوہ مختلف اجزا کا تناسب بھی عربی زبان میں بیان کرنا ہوتا ہے جو مقررہ حد سے زیادہ نہ ہوں۔

جن مٹھائیوں کے نمونے غیرمعیاری پائے گئے تھے ان کا تناسب کافی کم تھا، اس اعتبار سے 96 فیصد مٹھائیاں مطلوبہ معیار کے مطابق تھیں۔فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی پر اتھارٹی کے مشترکہ شکایت سینٹر میں 19999پر کال کرکے اندراج کرایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :