کوئنز ٹاؤن میں ٹریننگ کی ناکافی سہولیات بابراعظم کے زخمی ہونےکا باعث بنی :رمیز راجہ کا الزام

کوئنز ٹاؤن دنیا کی خوبصورت جگہوں میں سے ایک ہے لیکن ٹریننگ کے لیے موزوں نہیں: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 دسمبر 2020 15:09

کوئنز ٹاؤن میں ٹریننگ کی ناکافی سہولیات بابراعظم کے زخمی ہونےکا باعث ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 دسمبر 2020ء ) سابق پاکستانی کپتان رمیز راجہ کا ماننا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی انجری کے پیچھے کوئنز ٹاؤن میں ٹریننگ کی مناسب سہولیات کا فقدان ایک وجہ ہوسکتی ہے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر نے کہا کہ قومی ٹیم کی ٹریننگ کے لیے غلط مقام کا انتخاب بابر کے دائیں انگوٹھے میں فریکچر کا سبب ہوسکتا ہے، انہیں یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ پاکستانی ٹیم کو پریکٹس سیشن کے لئے کوئنز ٹاؤن بھیج دیا گیا۔

یہ دنیا کی خوبصورت جگہوں میں سے ایک ہے اور یہ سکی ریزورٹ یا چھٹیوں کے لیے بہترین مقام ہے لیکن ٹریننگ کے لیے موزوں نہیں ہے کیوں کہ یہاں باقاعدگی سے کرکٹ نہیں ہوتی اور یہی وجہ ہے کہ یہ یہاں عالمی سطح کی ٹریننگ سہولیات میسر نہیں ہیں جس کی وجہ سے یہاں پر بائونس بھی ناہموار ہے اورممکن ہے کہ اسی وجہ سے بابراعظم کا انگوٹھا فریکچرہوا ہو ۔

(جاری ہے)

بابراعظم کم سے کم 12 دن تک نیٹ پریکٹس نہیں کرسکیں گے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوٹنی سیریز سے بھی باہر ہوگئے ہیں ۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ قرنطینہ میں 14 روز گزارنے کے بعد کسی بھی کھلاڑی کے لیے ردھم میں واپس آنا آسان نہیں ہوتا حتی کہ بابراعظم جیسے کھلاڑی کو بھی مشکل پیش آسکتی ہے۔ رمیز راجہ نے ٹیم مینجمنٹ سے بھی اپیل کی کہ وہ سفر کے موقع پر کھلاڑیوں کو مناسب سہولیات کی فراہمی کیلئے ہدایت نامہ تیار کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہے کہ جب آپ سیریز کے لئے تیاری کر رہے ہوں تو پریکٹس کی سہولیات کے بارے میں آپ کو کافی معلومات ہوں، بڑے پریکٹس مراکز میں ٹریننگ کرنا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔