احکامات کی خلاف ورزی، سعودی عرب میں مزید کئی مساجد کے امام نوکری سے برطرف

برطرف کیے گئے اماموں پر سینیئر علماء کونسل کے احکامات کی خلاف ورزی کا الزام، گزشتہ ماہ بھی 100 سے زائد مساجد کے امام نوکریوں سے برطرف کیے گئے تھے

muhammad ali محمد علی پیر 4 جنوری 2021 23:04

احکامات کی خلاف ورزی، سعودی عرب میں مزید کئی مساجد کے امام نوکری سے ..
ریاض (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جنوری 2021ء ) احکامات کی خلاف ورزی، سعودی عرب میں مزید کئی مساجد کے امام نوکری سے برطرف، برطرف کیے گئے اماموں پر سینیئر علماء کونسل کے احکامات کی خلاف ورزی کا الزام، گزشتہ ماہ بھی 100 سے زائد مساجد کے امام نوکریوں سے برطرف کیے گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے مملکت کی مزید ایسی کئی مساجد کے اماموں کیخلاف ایکشن لیا ہے جن پر حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے کا الزام تھا۔

شکایات موصول ہونے پر سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے جنوب مغربی صوبہ باحہ سے تعلق رکھنے والے 7 امام مساجد کو معزول کردیا۔ معذول کیے گئے اماموں پر الزام ہے کہ انہوں نے سینئر علماء کونسل کی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔ یہاں واضح رہے کہ سعودی حکومت نے گزشتہ ماہ بھی مملکت کی درجنوں مساجد کے اماموں کو نوکری سے برطرف کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت اسلامی امور نے مکہ ریجن کی 100 اور القسیم ریجن کی بھی کئی جامعہ مساجد کے اماموں کیخلاف سخت ایکشن لیا تھا۔

ان مساجد کے اماموں پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے خطبہ جمعہ کے دوان حکومتی پالیسی پر عمل نہیں کیا، اسی باعث ان سے امام مسجد کا عہدہ چھین لیا گیا ہے۔ سعودی حکومت نے 13 نومبر بروز جمعہ کے روز ملک کی تمام جامعہ مساجد کے اماموں کو حکم دیا تھا کہ عوام کو اخوان المسلمین کے خطرے سے آگاہی فراہم کی جائے۔ تاہم برطرف اماموں پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے خطبہ جمعہ میں عوام کو اخوان المسلمین کے خطرے سے مکمل طور پر آگاہی فراہم نہیں کی۔ ان اماموں کیخلاف 2 ہفتے طویل تحقیقات کی گئیں جس کے بعد انہیں برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت اخوان المسلمین کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر اس پر پابندی عائد کر چکی ہے۔