وفاقی وزیر سید امین الحق سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ملاقات ،براڈ بینڈ سروسز اور آئی ٹی پارکس کے حوالے سے گفتگو

گلگت بلتستان آئی ٹی پارک سے تجربات حاصل کرنے والے پروفیشنل سی پیک میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، سید امین الحق ڈیجیٹل ورلڈ میں گلگت بلتستان کے لوگ اپنا حصہ شامل کرنا چاہتے ہیں، منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں ٹیکنالوجی کا انقلاب آئے گا، وزیراعلیٰ

بدھ 6 جنوری 2021 15:10

وفاقی وزیر سید امین الحق سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ملاقات ،براڈ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2021ء) وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ملاقات جس میں گلگت بلتستان میں براڈ بینڈ سروسز اور آئی ٹی پارکس کے حوالے سے گفتگوکی گئی ۔ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہاکہ ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کے تحت ممکن نہیں کہ کوئی علاقہ ڈیجیٹلائزیشن سے محروم رہ جائے۔

انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان میں فورجی سروسز کی فراہمی کیلئے تمام امور پر تیزی سے کام جاری ہے، ٹرپل بنڈل سروسز کی فراہمی کے انتظامات حتمی مراحل میں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اہم ٹورسٹ پوائنٹس کی نشاندہی کریں وہاں ہنگامی بنیادوں پر براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کی جائیں گی۔انہوںنے کہاکہ گلگت آئی ٹی پارک صرف 3 ماہ میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرچکا ہے، گلگت آئی ٹی پارک میں خواتین آئی ٹی ڈویلپرز کی کمپنی ’’ شی ڈیو‘‘نے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

(جاری ہے)

امین الحق نے کہاکہ 75 نوجوانوں پر مشتمل کمپنی ڈاٹ استور کی شاندار کامیابیاں۔ گلگت بلتستان کے نوجوان آئی ٹی پروفیشنلز کیلئے مشعل راہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان آئی ٹی پارک سے تجربات حاصل کرنے والے پروفیشنل سی پیک میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ پاکستان میں وزارت آئی ٹی اپنے منصوبوں سے نمایاں کردار ادا کررہی ہے۔

خالد خورشید شاہ نے کہاکہ خواہش ہے کہ گلگت بلتستان میں بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کا کردار مزید بڑھے، فورجی نیٹ ورکنگ کے معاملے پر گلگت بلتستان حکومت اور عوام آپ کے ساتھ ہیں۔ خالد خورشید نے کہاکہ ڈیجیٹل ورلڈ میں گلگت بلتستان کے لوگ بھی اپنا حصہ شامل کرنا چاہتے ہیں، امید ہے وزارت آئی ٹی کے مجوزہ منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں ٹیکنالوجی کا انقلاب آئے گا۔