سرگودھا ضلع میں گنے کی خریداری کے غیر قانونی کنڈوں کے خلا ف بھر پور کریک ڈائون کو تیز کر دیا گیا

منگل 12 جنوری 2021 14:19

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2021ء)سرگودھا ضلع میں گنے کی خریداری کے غیر قانونی کنڈوں کے خلا ف بھر پور کریک ڈائون کو تیز کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سرگودھا کی تحصلیوں میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن حافظ عبدالمنان،اسسٹنٹ کمشنر بھلوال بلاول علی ہنجرا او راسسٹنٹ کمشنر شاہ پور نعیم علی خان کے علاوہ ڈسٹرکٹ آفیسر انٹرپرائز اظہر عباس روزانہ کی بنیاد پر ضلع میں قائم چاروں شوگر ملوں کے دورے کر کے کریشنگ کا جائزہ لیتے ہیں ۔

اس طرح ضلع میں غیر قانونی کنڈے قائم کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اس حوالہ سے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے بتایا کہ کہ غیر قانونی کنڈے کاشتکاروں کی حق تلفی کا باعث بنتے ہیں ۔ اس لئے کاشتکاروں کو گنے کی مقرر کردہ قیمت کی فراہمی اولین ترجیحی ہے ۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طورپر کسی کو گنے کی خریداری نہیں کرنے دی جائیگی او رغیر قانونی کنڈوں کے خلاف کریک ڈاون جاری رہے گا۔