عسیر ریجن نے پچاس برس بعد برف کی سفید چادر اوڑھ لی

مقامی شہریوں اور غیر ملکی تارکین وطن کا خوشی ،حیرت کا اظہار،برفبای کے مناظر کی تصاویر اور وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر

منگل 12 جنوری 2021 14:28

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2021ء) سعودی عرب کے عسیر ریجن میں بللسمر کے علاقے میں پچاس برس بعد زبردست برفباری کی اطلاعات ہیں۔ مملکت کا یہ علاقہ جنوب مغرب میں واقع ہے۔ برفباری نے مقامی شہریوں اور غیر ملکی تارکین وطن نے خوشی اور حیرت کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق برفباری سے کھیتوں اور زرعی فارموں کے مناظر دلکش ہوگئے۔

بللسمر کے باسیوں نے برفبای کے مناظر کی تصاویر اور وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔ موسمیات کے ماہرین اور بزرگوں کا کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے۔بللسمر کا علاقہ سطح سمندر سے 3 ہزار میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ یہاں درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گئی ہے۔موسمیات کے ماہر سمیر الاسمری نے بتایا کہ گزشتہ روز صبح علاقے برفباری ہوئی جس سے درجہ حرارت منفی ہوگیا۔

(جاری ہے)

یہاں 50 برس میں پہلی بار یہ منظر دیکھنے کو ملا ۔ الاسمری نے کہا کہ بللسمر شہر میں تقریبا ایک ہفتے سے روزانہ بارش ہورہی ہے۔ اکثر یہاں کا مطلع ابر آلود رہتا ہے۔بللسمر اور عسیر کے بیشتر علاقوں کا موسم ان دنوں تیزی سے رنگ بدلتا رہتا ہے۔ یہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد پر پہنچنے کی وجہ سے برفباری بھی ہوئی۔موسمیات کے قومی مرکز نے امکان ظاہر کیا کہ عسیر ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے والی ہے۔ یہاں مزید برفباری ہوگی۔فلکیات کی عرب تنظیم کے رکن ڈاکٹر خالد الزعاق نے بتایا کہ موسم سرما کا دوسرا حصہ شروع ہوگیا۔ اس دوران سخت سردی پڑے گی۔ یہ موسم 26 دن جاری رہے گا۔