لبنان میں کل سے مکمل لاک ڈائون،دکانوں پرخریداروں کا رش، اشیاء غائب

لاک ڈائون کے دوران پہلی مرتبہ سپر مارکیٹیں بھی مکمل بند،ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی

بدھ 13 جنوری 2021 12:52

لبنان میں کل سے مکمل لاک ڈائون،دکانوں پرخریداروں کا رش، اشیاء غائب
․بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2021ء) لبنان کی سپریم دفاعی کونسل نے کل(جمعرات ) سے گیارہ روز کے لیے مکمل لاک ڈائون کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔اس کے بعد شہری اور مکین تمام چھوٹی بڑی دکانوں اور سپرمارکیٹوں سے دھڑا دھڑ اشیائے ضروریہ خرید کررہے ہیں اور انھوں نے دکانوں کے شیلف خالی کردیے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس لاک ڈائون کے دوران پہلی مرتبہ سپر مارکیٹیں بھی مکمل بند کی جارہی ہیں۔

ان کے علاوہ تمام بنک ، ریستوران ، نجی ادارے،اسکول ، جامعات ، اسپورٹس اسٹیڈیم اور عبادت خانے بند رہیں گے۔ہرقسم کے اجتماعات اور تقاریب کے انعقاد پر پابندی ہوگی۔ماہرین کاکہنا تھا کہ لبنانی ریاست اور شہری کووِڈ19کے تحفظ کے لیے پیشگی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد میں ناکام رہے ہیں جس کی وجہ سے کرونا وائرس کے کیسوں کی یومیہ تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

لبنانی حکومت نے حال ہی میں قومی چھٹیوں کے دوران میں پابندیوں میں نرمی کردی تھی لیکن اب اس نے صورت حال ابتر ہونے کے بعد مکمل لاک ڈائون کا فیصلہ کیا ۔اب سپرمارکیٹیں گاہکوں کے لیے نہیں کھلیں گی اور وہ صرف پارسل خدمات کے ذریعے اپنے گاہکوں کو اشیا فروخت یا مہیا کرسکیں گی۔لبنان کی سپریم دفاعی کونسل نے صورت بگڑنے کے بعد صحت کی ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا ۔

اس نے تمام نجی اسپتالوں سے بھی کہا کہ وہ اپنے ہاں کرونا وائرس کے علاج کے لیے الگ حصے مختص کریں۔کونسل نے بیروت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو تجارتی پروازوں کے لیے کھلا رکھنے کا اعلان کیا تاہم اس نے واضح کیا کہ بغداد ، استنبول ، عدنہ اورادیس اباباسے آنے والے تارکینِ وطن کو سات روز تک ہوٹلوں میں قرنطین میں رہنا ہوگا۔دوسرے خطوں سے آنے والے مسافروں کو آمد کے بعد 72 گھنٹے تک قرنطین میں رہنا ہوگا اور پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔کونسل کا کہناتھا کہ بیروت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عمومی مسافروں کے ٹریفک کو کم کیا جائے گا اورپڑوسی ملک شام کے ساتھ واقع زمینی گذرگاہ سے لوگوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کردیا جائے گا۔