عالم اسلام کا ہیرو دنیا کو خیرباد کہہ گیا

مسجد الحرام کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کروانے والے سعودی فوج کے جنرل محمد بن زويد انتقال کر گئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 14 جنوری 2021 22:02

عالم اسلام کا ہیرو دنیا کو خیرباد کہہ گیا
ریاض (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14جنوری 2021ء) عالم اسلام کا ہیرو دنیا کو خیرباد کہہ گیا، مسجد الحرام کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کروانے والے سعودی فوج کے جنرل انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے انتہائی افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ 1979 میں مکہ مکرمہ میں واقع مسجد الحرام پر حملہ آور ہونے والے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے اور مسلمانوں کے مقدس ترین مقام کو آزاد کروانے والے ہیرو انتقال کر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی فوج کے میجر جنرل محمد بن زويد انتقال کر گئے ہیں۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 77 برس تھی۔ میجر جنرل محمد بن زويد مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے جبکہ بعد ازاں انہوں نے سعودی دارالحکومت ریاض منتقل ہو کر فوج میں شمولیت اختیار کی۔ میجر جنرل محمد بن زويد اعلیٰ تعلیم یافتہ فوجی جنرل تھے جنہوں نے 1979 میں مسجد الحرام کا قبضہ ختم کروانے والے کمانڈوز کے گروپ کی قیادت کی تھی۔ انہیں ناصرف سعودی عرب بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں میں ایک ہیرو کے طور پر پہچانا جاتا تھا۔