بابراعظم نے سیریز سے قبل ہی جنوبی افریقی ٹیم پر اپنی دھاک بٹھا دی

بابراعظم تینوں فارمیٹس میں بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں ،جب بھی موقع ملا پی ایس ایل کھیلوں گا: کوئنٹن ڈی کوک

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 جنوری 2021 16:44

بابراعظم نے سیریز سے قبل ہی جنوبی افریقی ٹیم پر اپنی دھاک بٹھا دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جنوری 2021ء ) جنوبی افریقی کپتان کوئنٹن ڈی کوک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں دلچسپ اورسخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ۔ جنوبی افریقی کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے ورچول پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کو ہوم کنڈیشنز کا فائدہ ہوگا، میزبان سپنرز ہمارے لیے چیلنج ثابت ہوںگے، ہماری بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہے اور اپنے بائولرز سے اچھی کارکردگی کی توقعات وابستہ ہیں، پاکستان میں سکیورٹی کے حوالے سے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، کرونا وائرس سے پوری دنیا متاثر ہے اس لیے کرکٹ بھی متاثر ہوئی، 14 سال بعد جنوبی افریقی ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔

جنوبی افریقی کپتان نے مزید کہا کہ ہمارے زیادہ تر کھلاڑی پہلی بار پاکستان آکر کھیل رہے ہیں اورانہیں ان کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بھرپور تیاری کی ہے، ایشیائی کنڈیشنز میں سپنرز کا کردار اہم ہوتا ہے، پاکستانی ٹیم کو ہوم کنڈیشنز میں ہرانا آسان نہیں ہوگا، بابراعظم نے گزشتہ چند سال میں بہت زبردست بیٹنگ کی، وہ تمام فارمیٹس میں بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں ، ایک سوال کے جواب میں کوئنٹس ڈی کوک کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کا شیڈول بہت سخت ہے، مجھے جب بھی موقع ملا پی ایس ایل کھیلوں گا۔

(جاری ہے)

کونٹن ڈی کوک نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ذاتی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش ہوگی، ہمارے چند کوچز پاکستان میں پہلے کھِیل چکے ہیں، ہمیں پاکستان میں زیادہ گھومنے پھرنے کا موقع نہیں مل سکا، موجودہ صورتحال میں کمرہ ہیں ہمارے لیے بہتر ہے۔