مولانا کو اس بار بھی دھوکہ دیا جا رہا ہے،شیخ رشید

اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج نے مایوس کیا ہم نے زیادہ انتظام کیا تھا بندے کم آئے ہیں،وزیر اعظم نے کہا ہے یہ کوئی مسئلہ پیدا کریں تو ان کیلئے تاریخی مسئلہ پیدا کریں، میڈیا سے گفتگو

منگل 19 جنوری 2021 17:07

مولانا کو اس بار بھی دھوکہ دیا جا رہا ہے،شیخ رشید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کو پچھلی دفعہ بھی سیاستدانوں نے دھوکہ دیا، اس بار بھی مولانا کو دھوکا دیا جارہا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج نے مایوس کیا ہے، ہم نے زیادہ انتظام کیا تھا ان کے بندے کم آئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی، وہ مطمئن تھے، وزیر اعظم نے واضح کہا ہے کہ یہ کوئی مسئلہ پیدا کریں تو ان کیلئے تاریخی مسئلہ پیدا کریں۔شیخ رشید نے کہا کہ اگر یہی صورتِ حال رہی تو لانگ مارچ کو بھی خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس اسمبلی پر فضل الرحمن لعنت بھیجتے ہیں اس پر بلاول آج جشن منا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کو پچھلی دفعہ بھی سیاستدانوں نے دھوکہ دیا، اس بار بھی مولانا کو دھوکا دیا جارہا ہے۔