پاکستانی نوجوانوں نے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا جس کی دنیا معترف ہے، اسپیکرقومی اسمبلی

جمعہ 22 جنوری 2021 23:09

پاکستانی نوجوانوں نے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا جس کی دنیا معترف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2021ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پوری دنیا میں عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد شعبوں میں پاکستانی نوجوانوں کی کامیابیوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ انہیں عالمی معیار کے حصول پر پورا اترنے اور چیمپئن بننے کے لئے صرف رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج خواتین کے عالمی ریکارڈ یافتہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستانی خواتین انتہائی قابل ہیں اور انہوں نے اپنی قابلیت کی بنیاد پر مختلف شعبوں میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں خواتین کی شرکت اور تمام معاشی و اقتصادی شعبوں میں نمایاں کارکردگی قابل تحسین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نمایاں کارنامے سر انجام دینے والی خواتین دیگر خواتین کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر محنت اور لگن سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سخت محنت اور مستقل مزاجی سے تقدیر کو بدلا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہ وہ خواتین پاکستان کی سفیر کہلاتی ہیں جنہوں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

اس موقع پر موجود سیینیٹر ایوب آفریدی نے نوجوان خواتین کی کامیابیوں کو سراہا۔ وفد میں محترمہ ایما عالم ورلڈ چیمپیئن ، محترمہ سیدہ کیسہ زہرہ ورلڈ ریکارڈ ہولڈر، محترمہ عبیرہ اطہر عالمی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن، محترمہ شمی عالم فرانسیسی مائنڈ میپنگ چیمپئن شامل تھیں۔ شرکاء نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنی کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا