کوئٹہ، بلوچستان بار کونسل کا بلوچ قوم پرست رہنما کریمہ بلوچ کے لاش کی بے حرمتی اور ان کے آخری رسومات میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی مذمت

اتوار 24 جنوری 2021 23:35

]کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2021ء) بلوچستان بار کونسل کے جاری ایک بیان میں بلوچ قوم پرست رہنما کریمہ بلوچ کے لاش کی بے حرمتی اور ان کے آخری رسومات میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کریمہ بلوچ کے خاندان کو یہ حق پہنچتا ہے کہ وہ ان کی رسومات اپنے مرضی کے ساتھ ادا کریں لیکن لاش کو تحویل میں لیکر علاقے کو سیل کرنا بوکھلاہٹ کی نشاندہی ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بیان میں کہا کہ جبر قبضہ گیریت لوٹ کھسوٹ لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنا چھوٹے قوموں کو اپنی معدنی وسائل سے محروم رکھنا ان جیسے محرومیوں کے خلاف آواز آٹھانا اور انہیں جبری طور پر روکنے سے مسائل کم نہیں بلکہ بڑھ جاتے ہیں بیان میں کہا کہ اس سے قبل نواب اکبر خان بگٹی اور نواب خیر بخش مری کے لاش کو سرکاری تحویل میں لیا گیا جس کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوئے اور اس عمل سے ملک کی بد نامی ہوئی بیان میں کہا کہ جبری طورپر کسی کو خاموش نہیں کیا جاسکتا حکومت بلوچستان کے مسائل کو پر امن بنانے کیلئے جبر کی بجائے مزاکرات کا رستہ اپنائے کریمہ بلوچ کے قتل کا بین الاقوامی قوانین کے تحت تفتیش کرایا جائے اور خاندان کو ان کی آخری رسومات ان کے مرضی اور بلوچ روایات کے مطابق اداکرنے دیاجائے۔