4 حلقوں میں ضمنی الیکشن، تحریک انصاف نے 2 نشستوں پر برتری حاصل کر لی

حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں کانٹے دار مقابلہ، 181 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی 69 ہزار 520 ووٹ لے کر آگے، ن لیگ کی نوشین افتخار 68 ہزار 955 ووٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 فروری 2021 22:51

4 حلقوں میں ضمنی الیکشن، تحریک انصاف نے 2 نشستوں پر برتری حاصل کر لی
ڈسکہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 فروری 2021ء) 4 حلقوں میں ضمنی الیکشن، تحریک انصاف نے 2 نشستوں پر برتری حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ تحریک انصاف قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں این اے 75 ڈسکہ اور این اے 45 کرم پر برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں کانٹے دار مقابلہ جاری ہے، 181 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی 69 ہزار 520 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ ن لیگ کی نوشین افتخار 68 ہزار 955 ووٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جبکہ این اے 45 کرم میں 113 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 11430 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار سید جمال 10360 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی کے 63 نوشہرہ میں تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہو چکے، جن کے مطابق مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کو اپ سیٹ شکست دے دی۔ مسلم لیگ ن کے اختیار ولی 21122 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمر 17023 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ جبکہ پی پی 51 وزیرآباد میں 97 پولنگ اسٹشینز کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کی امیدوار بیگم طلعت محمود 32530 ووٹ کے ساتھ پہلے اور تحریک انصاف کے چودھری یوسف 29901 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ این اے 75 ڈسکہ کی نشست مسلم لیگ ن کے ایم این اے افتخارالحسن شاہ کے انتقال کے باعث، حلقہ پی پی 51 کی نشست ن لیگ کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث، پی کے 63 نوشہرہ کی نشست تحریک انصاف کے وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل کے انتقال کے باعث اور این اے 45 ضلع کرم کی نشست جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ آج ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں سوائے این اے 75 ڈسکہ کے، دیگر 3 حلقوں میں صورتحال پرامن رہی۔ این اے 75 ڈسکہ میں ہوئے قاتلانہ حملے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے 2 کارکن جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے۔