چین میں غربت کے خاتمے کی کوششوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کے لئے اعزازی تقریب کا انعقاد

چین نے انسانی تاریخ میں غربت کے خلاف سب سے بڑی اور مشکل جدوجہد کا آغاز کیا ، آٹھ سال کی انتھک محنت کے بعد 832 غریب کاؤنٹیوں اور 128000 غریب دیہات کو غربت کی فہرست سے نکالا گیا ، چینی صدر کا خطاب

جمعرات 25 فروری 2021 12:36

چین میں غربت کے خاتمے کی کوششوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری2021ء) چین میں غربت کے خاتمے کی کوششوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کے لئے اعزازی تقریب پچیس تاریخ کی صبح بیجنگ میں منعقد ہوئی ، چین کے صدر شی جن پھنگ نے اجلاس سے اہم خطاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی 18 ویں قومی کانگریس کے بعد سے چین نے انسانی تاریخ میں غربت کے خلاف سب سے بڑی اور مشکل جدوجہد کا آغاز کیا ، آٹھ سال کی انتھک محنت کے بعد 832 غریب کاؤنٹیوں اور 128000 غریب دیہات کو غربت کی فہرست سے نکالا گیا ، موجودہ معیارات کے تحت تقریباً 100 ملین دیہی غریب عوام کو غربت سے چھٹکارا حاصل ہوا ، جو تخفیف غربت کی تاریخ میں ایک معجزہ ہے۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ چین نے پائیدار ترقی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے 2030 کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈےمیں طے شدہ غربت کے خاتمے کے ہدف کو دس برس قبل حاصل کیا اور اپنے ملک میں انتہائی غربت اور علاقائی غربت کے مسئلے کو کامیابی کے ساتھ حل کیا، غربت سوشلزم نہیں ہے ، اگر غریب علاقوں میں دیرپا غربت سے نجات نہیں پائی جاسکتی اور عوام کے معیار زندگی کو بلند نہیں کیا جاسکتا تو چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کی خوبیاں ظاہر نہیں ہوں گی ، اس صورت میں اسے سوشلزم نہیں قرار دیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

چینی صدر نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے شعبے میں چین کی حاصل کردہ کامیابی چین کی ہی نہیں بلکہ ساری دنیا کی مشترکہ کامیابی ہے، اس کامیابی نے بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی تعمیر کے لیے اہم خدمت سرانجام دی ہے ، غربت کے خاتمے کے نتائج کو مستحکم کرنے اور انہیں وسعت دینے کے لئے دیہی ترقی پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ آٹھ سالوں میں جناب شی جن پھنگ نے انسداد غربت کے امور کا جائزہ لینے کے لئے پچاس سے زائد دورے کئے ، اس دوران انہوں نے انتہائی غربت کے شکار چودہ علاقوں میں عوام سے بالمشافہ ملاقاتیں کیں ، غریب علاقوں میں لوگوں کو غربت سے نجات دلانے میں معاونت کی خاطر 30 لاکھ سے زائد سرکاری عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا ، اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ آٹھ سالوں میں، غربت کے خلاف جنگ میں سے1800 زیادہ چینی عہدیداروں نے جام شہادت نوش کیا۔