افغانستان، گاڑی کے انجن میں پانی بھرنے سے دھماکا،10افراد ہلاک

ًبدقسمت خاندان شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنے گھر جا رہا تھا،پولیس ترجمان

جمعرات 25 فروری 2021 20:24

افغانستان، گاڑی کے انجن میں پانی بھرنے سے دھماکا،10افراد ہلاک
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2021ء) افغانستان کے صوبے اورزگان میں ایک منی وین کے انجن میں پانی بھر جانے دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 10افراد ہلاک ہو گئے۔افغان میڈیا کے مطابق اورزگان کے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ بدقسمت خاندان شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنے گھر جا رہا تھا کہ ان کی گاڑی دریائے ہلمند میں پھنس گئی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق دریا میں پانی کا دبائو اس قدر شدید تھا کہ پانی گاڑی کے انجن میں داخل ہو گیا اور انجن زوردار دھماکے سے پھٹ گیا اور گاڑی میں آگ لگ گئی۔اورزگان پولیس ترجمان کا بتانا تھا کہ آگ نے آنا فانا پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ہلاک ہونے والوں میں تین کم عمر بچے بھی شامل تھے جبکہ دولہا اور دلہن دوسری گاڑی میں ہونے کی وجہ سے بچ گئے۔