ناسازگار پچز کے باوجود پاکستان فاسٹ بائولرز پیدا کرنیوالی مشین ہے: ڈیل سٹین

شاہین آفریدی نے بہت متاثر کیا، بابر حیرت انگیز کھلاڑی ،اسے آؤٹ کرنے یا اس کیخلاف بائولنگ کرنیکا موقع ملنا بہترین ہوگا: جنوبی افریقی فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 مارچ 2021 15:40

ناسازگار پچز کے باوجود پاکستان فاسٹ بائولرز پیدا کرنیوالی مشین ہے: ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مارچ 2021ء ) جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل سٹین نے پاکستان کے فاسٹ بائولرز پیدا کرنے کی صلاحیت کی تعریف کی ۔ ایک خصوصی انٹرویو میں ڈیل سٹین نے شاہین آفریدی اور حارث رؤف جیسے نوجوان قومی فاسٹ باؤلرز کی بھی تعریف کی۔ ڈیل سٹین کا کہنا تھا کہ میں نے گذشتہ سال شاہین کے ساتھ بات چیت کی تھی، وہ گزشتہ سال شاید اپنا انگوٹھا یا ہاتھ تڑوا بیٹھے تھے، وہ ٹیم سے باہر تھے لیکن حیرت انگیز پیسر تھے ۔

ڈیل سٹین نے کہا کہ میلبورن سٹار میں حارث رؤف کے ساتھ رہا اور ان سے بہت متاثر ہوا، حارث نے پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے زیادہ دیر بھی نہیں لگائی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں فاسٹ باؤلرز بنانے کی مشین موجود ہے جس کو دیکھنا بہت اچھا ہے کیونکہ یہاں فاسٹ باؤلرز کے لئے وکٹیں سازگار نہیں ہوتی ہیں، اسلئے بہت سارے فاسٹ باؤلر یہاں سے آتے ہیں جسے دیکھنا حیرت انگیز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کے کپتان اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک بابراعظم کی بھی تعریف کی۔ ڈیل سٹین کا کہنا تھا کہ میرے سامنے جو بھی بلے باز ہو اسے بائولنگ کرنے کا منتظر ہوں، بابراعظم ایک عمدہ کھلاڑی ہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کس کے خلاف بولنگ کر رہے ہیں۔ وہاب ریاض نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف صرف 8 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی طرف سے میچ میں کامیابی دلا دی، ہر کھلاڑی جس کے خلاف آپ بائولنگ کرتے ہیں آپ کو مشکل میں ڈال سکتا ہے۔

ڈیل سٹین نے بابراعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بابر ایک حیرت انگیز کھلاڑی ہے اور اسے آؤٹ کرنے یا اس کے خلاف بولنگ کرنے کا موقع ملنا بہترین ہوگا لیکن آپ کو کبھی معلوم نہیں ہوسکتا کہ آپ کو ان کیخلاف بائولنگ کرنے کا موقع ملے بھی یا نہیں کیوں کہ ٹی ٹونٹی میں آپ نے صرف 4 اوورز کرنے ہوتے ہیں،ہوسکتا ہے کہ بابر صفر پر آئوٹ ہوجائے لیکن وہ گزشتہ 2 سال سے بہترین فارم میں ہے۔