عدالت کی ایکسل لوڈ لمٹ قانون بارے غلط بیانی پرڈپٹی سیکرٹری محکمہ مواصلات کی سرزنش

سیکرٹری محکمہ مواصلات کوآئندہ سماعت پر ایکسل لوڈ لمٹ قانون بارے رپور ٹ جمع کرانے کی ہدایت

جمعرات 4 مارچ 2021 16:52

عدالت کی ایکسل لوڈ لمٹ قانون بارے غلط بیانی پرڈپٹی سیکرٹری محکمہ مواصلات ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایکسل لوڈ لمٹ قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران غلط بیانی کرنے پر ڈپٹی سیکرٹری محکمہ مواصلات کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ایکسل لوڈ لمٹ کے قانون کے نفاذ کے سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے گڈزٹرانسپورٹرز کی درخواست پر سماعت کی ۔ دوران سماعت ڈپٹی سیکرٹری محکمہ مواصلات پیش ہوئے اور عدالت کے استفسار پر غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔گڈز ٹر انسپورٹرز کے وکیل نے فاضل عدالت کے سامنے موقف اپنایا کہ ملک بھر میں اوورلوڈنگ جاری ہے،حکومت نے عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا اور ایکسل لوڈ لمٹ کو نافذ کرنے کی بجائے عدالت کو فرضی کہانیاں سنائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

فاضل عدالت نے ڈپٹی سیکرٹری وزارتِ مواصلات کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ عدالتی احکامات کو کسی کمی پیشی کے بغیر اصل روح کے مطابق نافذ کریں،ایکسل لوڈ لمٹ کے قانون کے نفاذ کے سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،گڈز ٹر انسپورٹرز کی طرف سے اداروں کے خلاف اوورلوڈنگ کے ثبوتوں پر مشتمل رپورٹ جمع کروائی جا چکی ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد اگلی تاریخ پر احکامات جاری کریں گے ۔فاضل عدالت نے سیکرٹری وزارتِ مواصلات کو احکامات جاری کیے کہ وہ ایکسل لوڈ لمٹ کے نفاذ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھاتے ہوئے ایک ماہ میں مفصل رپورٹ جمع کروائیں ورنہ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔