اسلام آباد، کراچی، لاہور میں دہشت گردی کے واقعات کا خدشہ ہے، شیخ رشید

جو بھی پارلیمنٹ کے باہر ہوا غلط ہوا، اس کی مذمت کرتا ہوں، اپوزیشن قائدین کو بھی پریس کانفرنس کیلئے مناسب جگہ کا انتخاب کرنا چاہیے تھا، وزیرداخلہ

پیر 8 مارچ 2021 20:25

اسلام آباد، کراچی، لاہور میں دہشت گردی کے واقعات کا خدشہ ہے، شیخ رشید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کاخدشہ ہے۔شیخ رشید نے پمز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پولیس اور فوج نے اپنی جانوں پر کھیل کر ہماری حفاظت کی، اس ملک میں ہماری افواج اور پولیس نے اپنی شہادتوں سے دہشتگردوں کو شکست دی۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ روز بھی 5 دہشت گردوں کو مارا گیا ہے، اللہ کو منظور ہوا تو دہشت گردی ختم ہوگی اور امن ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں بقایا تین ناکے بھی ختم کر رہا ہوں، ایک بلین روپے کی منظوری ہوجائے یہ بھی ختم ہوگا۔شیخ رشید نے کہا کہ جو بھی پارلیمنٹ کے باہر ہوا غلط ہوا، اس کی مذمت کرتا ہوں، اپوزیشن قائدین کو بھی پریس کانفرنس کیلئے مناسب جگہ کا انتخاب کرنا چاہیے تھا۔