حیدر آباد کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی اسکیموں کیلئے فنڈز جاری کئے جائینگے،، ناصر حسین شاہ

اتوار 14 مارچ 2021 20:05

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2021ء) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بہت جلد حیدرآباد کے مسائل کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کر کے شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا اور ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی اسکیموں کیلئے فنڈز جاری کئے جائیں گے۔ہ ایم پی اے عبدالجبار خان کی رہائشگاہ پر حیدرآباد کی ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں میزبان کے علاوہ ایم پی اے شرجیل انعام میمن، وزیراعلی کے معاون خصوصی قاسم نوید قمر، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، ڈی جی ایچ ڈی اے غلام محمد قائمخانی، پی پی رہنما علی محمد سہتو اور دیگر بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حیدرآباد کے شہریوں کی فلاح کے تمام تر منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں اس ضمن میں محکمہ بلدیات کی جانب سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جب تک ایچ ایم سی کو انتظامی طور پر بہتر نہیں کیا جائیگا حیدرآباد کی صورتحال بہتر نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے ایم پی ایز شرجیل انعام میمن، عبدالجبار خان اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کے ساتھ شہر کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی ستھرائی سمیت تجاوزات ختم کرانے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :