گلگت بلتستان ،برونائی دارسلام اور قراقرم یونیورسٹی کا گلگت بلتستان میں سیاحت و انفراسٹرکچرکی ترقی کے لیے مل کرکام کرنے پراتفاق

ہفتہ 10 اپریل 2021 16:57

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2021ء) حکومت گلگت بلتستان،برونائی دارسلام اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا گلگت بلتستان میں سیاحت و انفرانسٹرکچر کی ترقی کے لیے مل کرکام کرنے پر اتفاق ہوگیا۔اس بات پراتفاق قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی جانب سے یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی کی مدد سے معاشی تعلیم کے لیے اجتماعی کوششوں کے عنوان پر کامیاب دو روزہ شاندار بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پرملکی وبین الاقوامی مہمانوں کے اعزاز میں دئیے جانے والے عشائیہ میں کیاگیا۔

قراقرم یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کے مطابق وائس چانسلر کی جانب سے دئیے جانے والے عشائیہ میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالدخورشید خان،ڈپٹی سپیکر ایڈوکیٹ نذیر احمد،سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ عبیداللہ بیگ،وزیر خزانہ جاوید علی منوا،برونائی دارسلام کے بیرون ڈاکٹر عبدالرازق، ہری پوریونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر انوارالحسن گیلانی،ایڈیشنل رجسٹرار ہری پوریونیورسٹی،وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ،رجسٹرار قراقرم یونیورسٹی ڈاکٹر حمید لون،پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز،سی ای او کمپنی آف لائف حامد روکسار،ڈاکٹر ہدایت حسین سمیت قراقرم یونیورسٹی کے سینئرانتظامی وتدریسی آفیسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالدخورشید احمدخان نے کہاکہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبہ سمیت انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے برونائی داراسلام اور قراقرم یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کام کرینگے۔گلگت بلتستان میں سیاحت کے حوالے سے جو مواقع موجود ہیں وہ کہی اور نہیں ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مواقعوں سے بھرپور فائد ہ حاصل کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی تقریر میں ہی اعلان کیاتھا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کو ترقی دینگے۔اسی اعلان کے مطابق کام کررہے ہیں۔وہ دن دور نہیں ہے کہ دنیا بھر کے لوگ سیاحت کے لیے گلگت بلتستان کا رُخ کرینگے۔انہوں نے کہاکہ برونائی دارسلام ہمارا برادر ملک ہے۔ان کی طرف سے سیاحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے معاونت فراہم کرنے کی پیش کش کو سراہتے ہیں۔

او ر ان کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ صوبائی حکومت انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ قراقرم یونیورسٹی علاقے میں واحد تعلیم ادارہ ہےجو گلگت بلتستان کی تعمیروترقی میں مثالی کردار ادا کررہاہے۔جس پر جامعہ ہذا کی جتنی تعریف کیجائے کم ہے۔انہوں نے وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی اور ان کی پوری ٹیم کا خطے میں معیاری تعلیم وتحقیق کی فراہمی میں بہترین کردار کو سراہتے ہوئے اپیل کی کہ صوبائی حکومت کو گلگت بلتستان کے مسائل اور ممکنات کے حوالے سے اپنی بہترین تحقیق کے ذریعے رہنمائی فراہم کرے تاکہ حکومت ان تحقیقات کو بنیاد بناکر ان شعبوں میں بہتر کام کرسکے۔

ان سے قبل برونائی دارسلام کے بیرون ڈاکٹر عبدالرازق نے کہاکہ گلگت بلتستان قدرتی حسن ورعنائیوں سے مالامال خطہ ہے۔اگر یہاں سیاحت کے شعبہ میں کام کیاجائے تو گلگت بلتستان ترقی کی بلندیوں کو چُھو سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ برونائی دارسلام قراقرم یونیورسٹی کی مدد سے گلگت بلتستان میں سیاحت و انفراسٹریکچر کی ترقی کے لیے کام کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہاکہ برادر ملک ہونے کے ناطے ہم یہاں کی تعمیروترقی کے لیے اپنا حصہ ڈالنے کو تیار ہیں۔ان سے قبل وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاکہ قراقرم یونیورسٹی معیاری تعلیم وتحقیق کی فراہمی سمیت علاقے کی تعمیروترقی کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کررہاہے۔یونیورسٹی ورکشاپس،کانفرنسز،سیمینارز اور ویبنارز کا انعقاد اسی کا تسلسل ہے۔ ان کے ذریعے ملکی وبین الاقوامی سرمایہ کاروں کو اس علاقے کی اہمیت و قدرتی حُسن سے آشنا کرایا جاسکے۔تاکہ وہ یہاں آکر شراکت داری کے ذریعے خطے کی تعمیروترقی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔