حسن علی کی اہلیہ نے بیٹی کی تصویر شیئر کردی

فاسٹ بائولر اور ان کی اہلیہ سامعہ نے اپنی بیٹی کا نام ہیلینا حسن علی رکھا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 11 اپریل 2021 12:59

حسن علی کی اہلیہ نے بیٹی کی تصویر شیئر کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11اپریل 2021ء ) کرکٹر حسن علی کی اہلیہ سامعہ خان نے اپنی بیٹی کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔ حسن علی نے5 روز قبل سوشل میڈیا پر خوشخبری شیئر کی تھی کہ ان کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے تاہم انہوں نے اپنی بیٹی کی تصویر اور نام نہیں شیئر کیا تھا۔ گزشتہ روز حسن علی کی اہلیہ سامعہ خان نے انسٹاگرام پر اپنی بیٹی کی پہلی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ہماری فیملی میں خوش آمدید‘، انہوں نے اپنی بیٹی کا نام بھی شیئر کیا ’’ہیلینا حسن علی‘‘۔

سوشل میڈیا پر حسن علی کی بیٹی کی تصویر وائرل ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے جوڑے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ یاد رہے کہ حسن علی نے 6 اپریل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے والد بننے کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ ’الحمداللہ، اللہ تعالیٰ نے ہمیں بیٹی سے نوازا ہے۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر نے اپنی بیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’میری شہزادی، ہماری فیملی میں خوش آمدید‘۔

انہوں نے بیٹی کو دعا دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں دعاگو ہوں کہ آپ بڑے بڑے خواب دیکھو اور اللہ تعالیٰ ان خوابوں کی تکمیل میں ہمیشہ آپ کا ساتھ دیں‘۔ حسن علی نے مداحوں سے انہیں اور ان کی فیملی کو دعائوں میں یاد رکھنے کی درخواست بھی کی ۔
خیال رہے کہ قومی فاسٹ بائولر حسن علی 20 اگست 2019ء کو بھارتی دوشیزہ سمیعہ آرزو سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں اپنی شاندار پرفارمنس بھی بیٹی کے نام کی تھی ۔