سعودی آئل تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے ڈرون حملے

DW ڈی ڈبلیو پیر 12 اپریل 2021 16:40

سعودی آئل تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے ڈرون حملے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 12 اپریل 2021ء) ان حملوں کا اعلان حوثی ملیشیا کے ٹیلی وژن نیٹ ورک المصیرہ سے کیا گیا۔ حوثی ملیشیا کے ترجمان یحییٰ سری نے المصیرہ ٹیلی وژن پر ایک بیان میں بتایا کہ سعودی عرب پر حملے اتوار اور پیر کی درمیانی رات میں کیے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ حملوں کے اہداف میں آرامکو ریفائنری اور جبیل کے علاوہ خمیس مشیط اور جازان کے حساس سکیورٹی مقامات شامل تھے۔

ان حملوں کے لیے پانچ ڈرونز اور دو بیلسٹک میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔

سعودی عرب: تیل تنصیبات پر ڈرون حملہ

یمن کی ایران نواز حوثی ملیشیا کو سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے حملوں کا سامنا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق اتوار کو خمیس مشیط اور جازان پر کیے گئے ڈرون حملوں کو سعودی دفاعی سکیورٹی نے فضا ہی میں تباہ کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

آرامکو پہلے بھی نشانے پر

حوثی ملیشیا پہلے بھی سعودی عرب کی انتہائی بڑی آئل ریفائنری کو نشانہ بنا چکی ہے۔ مغربی شہر جدہ کے نواح میں قائم یہ ریفائنری سعودی عرب کا ایک انتہائی اہم اسٹریٹیجک اثاثہ خیال کیا جاتا ہے۔

اُس حملے میں ریفائنری کے ٹینک کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ حملے کے بعد دھماکے سے آگ بھی بھڑک اٹھی تھی اور کئی دنوں کے بعد مرمت کا مکمل ہوا تھا۔

سعودی عرب کی یمن میں جنگ بندی پیشکش، حوثی باغیوں کا انکار

مارب کی لڑائی

ادھر یمن کے علاقے مارب میں حوثی ملیشیا اور منصور ہادی حکومت کی حامی افواج میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان جھڑپوں میں کم از کم ستر افراد کی ہلاکت کا بتایا گیا ہے۔

یمنی علاقے مارب میں خونریز لڑائی، پچاس سے زائد افراد ہلاک

ایران نواز ملیشیا تیل کی دولت سے مالا مال علاقے پر قبضے کی کوشش میں ہے۔ منصور ہادی کی حکومت کو سعودی عرب اور بین الاقوامی برادری کی حمایت حاصل ہے۔

ع ح، ش ج (اے ایف پی، روئٹرز)