آپ ہاں کریں ہم روزوں میں آپ کو خوشخبری دیں گے

مسلم لیگ ن نے وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین کو پیشکش کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 16 اپریل 2021 11:03

آپ ہاں کریں ہم روزوں میں آپ کو خوشخبری دیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اپریل 2021ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ جہانگیر ترین کو مسلم لیگ ن کی طرف سے بہت بڑی آفر ہو چکی ہے۔مسلم لیگ ن نے جہانگیر ترین سے کہا ہے کہ آپ ہاں کریں ہم روزوں میں آپ کو خوشخبری دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کو کہا گیا ہے کہ ہمارے پاس یہ نمبرز ہیں ، ہمیں پیپلز پارٹی کی ضرورت نہیں ہے۔

جتنے لوگ آپ کے ہیں، ہم عید سے پہلے عید منا لیں گے۔ لیکن جہانگیر ترین نے انکار کر دیا ہے البتہ بات چل پڑی ہے اب یہ بات کہاں تک جائے گی یہ تو وقت ہی بتائے گا۔ انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں: واضح رہے کہ گذشتہ برس ایف آئی اے میں چینی بحران اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جہانگیر ترین کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور کچھ مشیروں نے بھی ان سے اظہار یکجہتی کیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کی صفوں میں تقسیم کی چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں۔

(جاری ہے)

جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے قومی اور صوبائی ارکان قومی اسمبلی اور مشیران نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا تھا، جس میں وزیراعظم سے جہانگیر ترین کے معاملے پر ذاتی دلچسپی لینے کی درخواست کرتے ہوئے وزیراعظم سےملاقات کے لیے وقت مانگا تھا۔ دوسری جانب گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے جہانگیر ترین سے صلح کے لیے گرین سگنل دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جہانگیر ترین سے بات کرنے کے لیے تیار ہوں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کو بات کرنے سے روک د یا تھا۔