ٹی ایل پی رہنماؤں کو فورتھ شیڈول میں شامل کیے جانے کا امکان

اسلام آباد نے ٹی ایل پی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کے بارے میں تفصیلات اکٹھا کرنا شروع کردی

جمعہ 16 اپریل 2021 12:51

ٹی ایل پی رہنماؤں کو فورتھ شیڈول میں شامل کیے جانے کا امکان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) کیپیٹل پولیس نے انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی ای) کے فورتھ شیڈول میں نام ڈالنے کیلئے پابندی کا سامنا کرنے والی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کے بارے میں تفصیلات اکٹھا کرنا شروع کردی ہیں۔ذ رائع کے مطابق دارالحکومت انتظامیہ نے کالعدم تنظیم کی جائیداد کے بارے میں بھی تفصیلات اکٹھا کرنا شروع کردی۔

سینئر پولیس افسران نے بتایا کہ سیاسی و مذہبی جماعت کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد سے پولیس نے اس کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی شناخت اور ان کا پتہ لگانا شروع کردیا ہے۔امکان ہے کہ رہنماؤں اور فعال کارکنان کو اے ٹی اے کے فورتھ شیڈول کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس کے مختلف ونگز، بشمول سی آئی اے، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ اس پر کام کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پولیس سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم کی مدد سے ان کی نشاندہی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ گزشتہ 3 روز کے دوران ٹی ایل پی کے 110 سے زائد رہنماؤں اور کارکنان کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، تفتیش کار ان کے ساتھیوں اور ان کے ساتھ رابطے میں رہنے والے افراد کے بارے میں تفصیلات تلاش کر رہے ہیں۔