دُبئی میں دُنیا کا بلند ترین ہوٹل تعمیر کر لیا گیا، افتتاح جلد ہو گا

’سیئل ہوٹل‘ کی بلندی 360 میٹر ہے، جس کی 82 منزلیں اور 1209 لگژری کمرے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 17 اپریل 2021 11:39

دُبئی میں دُنیا کا بلند ترین ہوٹل تعمیر کر لیا گیا، افتتاح جلد ہو گا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 اپریل2021ء) متحدہ عرب امارات کے قیام کو ابھی بمشکل 50 سال ہوئے ہوں گے، مگر ترقی اور جدت میں یہ دُنیا کے سینکڑوں ممالک کو پیچھے چھوڑ گیا ہے جو اس ملک سے بہت پہلے وجود میں آ چکے تھے۔ اماراتی قیادت کی روشن خیالی، رواداری اور دیگر انسانیت پرستی کی اقدار کے باعث ہی یو اے ای آج ترقی کی اونچائیوں کو چھو رہا ہے۔

یہاں تمام مذاہب، ممالک اور رنگ و نسل کے افراد سے یکساں سلوک کیا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے تمام لوگ یکساں طور پر اس ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتے ہیں۔ دُبئی میں لوگوں کو سہولتیں دینے اور جدت فراہم کرنے کے لیے ہر وقت اربوں درہم کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر کام چلتا رہتا ہے۔ خصوصاً نجی شعبے کی جانب سے منفرد انداز کی عمارتیں اور دیدہ زیب ہوٹلز بھی تعمیر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

اب کی بار دُبئی نے دُنیا کو ایک بار پھر حیران کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ خلیجی میڈیا کے مطابق دُبئی میں دُنیا کا بلند ترین ہوٹل تعمیر کر لیا گیا ہے۔
اس شاندار اعزاز کے حامل ہوٹل کا نام ’سیئل ہوٹل‘ ہے جس کی لمبائی 360میٹر ہے جس کی 82منزلیں ہیں۔ سیئل ہوٹل کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا ۔ دُبئی میں خصوصاً بزنس مین طبقہ اس ہوٹل کو اندر سے دیکھنے اور یہاں پر رہائش اختیار کرنے کے حوالے سے انتہائی پُرجوش اور منتظر ہے۔

یہ عالی شان اور حیرت انگیز ہوٹل دُبئی میرینا کے علاقے میں کیان ٹاور کے سامنے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس بلند ترین ہوٹل میں 1209 لگژری کمرے (سُویٹ) ہیں۔ سیئل ہوٹل سے دُبئی مرینا، پام جمیرہ اور خلیج عرب کے شاندار نظارے کیے جا سکتے ہیں۔ ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بلند و بالا ہوٹل کی چھت پر بہت بڑا سوئمنگ پول بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ جس میں سینکڑوں افراد بیک وقت نہا سکتے ہیں اور اس تفریح کے دوران بادلوں کو بھی چھو سکتے ہیں۔

اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ ہوٹل کتنی بلندی تک بنایا گیا ہے۔ دُنیا کے اس بلند ترین ہوٹل کا ڈیزائن انجینئر یحییٰ جان نے تیار کیا ہے جو تعمیراتی شعبے میں 30 سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ اس ہوٹل کو خوبصورتی، بلندی اور فن تعمیر کے اعتبار سے ایک شاہکار قرار دیا گیا ہے۔