دُبئی اور شارجہ میں مقیم لاکھوں افراد کے لیے انتہائی شاندار خوشخبری آ گئی

شارجہ اور دُبئی کے درمیان نئے روڈ کی تعمیر مکمل ہوگئی ، 25 منٹ کا فاصلہ اب صرف 9 منٹ میں طے ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 17 اپریل 2021 16:58

دُبئی اور شارجہ میں مقیم لاکھوں افراد کے لیے انتہائی شاندار خوشخبری ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 اپریل2021ء) دُبئی اور شارجہ میں لاکھوں افراد مقیم ہیں جنہیں روزگار اور ضروری کاموں کے سلسلے میں روزانہ ان دونوں ریاستوں کے درمیان سفر کرنا پڑتا ہے۔ تاہم اب ان کے اس سفر کا دورانیہ بہت کم ہو گیا ہے۔ دُبئی اور شارجہ کو ملانے والی نئی سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔ جس کے بعد اب ایک ریاست سے دوسری ریاست تک پہنچنے کا سفر صرف 9 منٹ میں طے ہوا کرے گا۔

پہلے اس سفر پر 25 منٹ لگ جاتے تھے۔ اس طرح مسافروں کے قیمتی وقت کی بہت زیادہ بچت ہو گی اور پٹرول کی مد میں بھی بہت سی رقم بچ جائے گی۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ الخوانیج روڈز امپروومنٹ پراجیکٹ کے ذریعے دونوں ریاستوں کا سفر بہت کم دورانیے کا رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس پراجیکٹ میں الخوانیج روڈ اور شیخ زاید بن حمدان النہیان روڈ کے جنکشن پر ایک انڈر پاس بھی بنایا گیا ہے جو آنے اور جانے والی ٹریفک کے لیے تین، تین رویہ ہے۔

اس پراجیکٹ میں العمرادی روڈ اور ایمریٹس روڈ (الاویر کی جانب) کے جنکشن پر دو ، دو رویہ کا پُل بھی بنایا گیا ہے۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مطار محمد الطائر نے بتایا کہ الخوانیج روڈز پراجیکٹ کی بدولت دُبئی اور شارجہ کے درمیان رابطہ بہت زیادہ بڑھ جائے گا اور لوگوں کی زندگیوں میں شاندار تبدیلی آئے گی۔ ایمریٹس روڈ، شیخ محمد بن زاید روڈ اور ایئرپورٹ سٹریٹ سے منسلک ہونے کے سبب روزانہ لاکھوں افراد دُبئی سے شارجہ اور شارجہ سے دُبئی کا سفر صرف نو منٹس میں طے کر سکیں گے۔

اس پراجیکٹ کی بدولت ایمریٹس رود اور شیخ محمد بن زاید روڈ کے درمیان سفر کا دورانیہ 25 منٹ سے کم ہو کر 9 منٹ پر آ گیا ہے۔ جبکہ الخوانیج اور شیخ زاید بن النہیان روڈز کے جنکشن پر انتظار کا وقت 330 سیکنڈ زسے کم ہو کر صرف 45 سیکنڈ کا رہ گیا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کے گزرنے کی فی گھنٹہ گنتی بھی 8 ہزار سے دُگنی ہو کر 16 ہزار پر آ گئی ہے۔ اس کے علاوہ الخوانیج اور العمرادی روڈز کے انٹرسیکشن پر انتظار کا دورانیہ 120 سیکنڈز سے کم ہو کر 60 سیکنڈ کا رہ گیا ہے۔