بھارت میں کورونا وائرس بے قابو، مسلسل مردے جلانے سے دھاتی بھٹیوں کے پُرزے بھی پگھلنے لگ گئے

مردوں کو بروقت جلانے کی 100 فیصد کوشش کی جارہی ہے ۔ صدر شمشان گھاٹ کملیش

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 20 اپریل 2021 11:13

بھارت میں کورونا وائرس بے قابو، مسلسل مردے جلانے سے دھاتی بھٹیوں کے ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2021ء) : بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس بے قابو ہو گیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 53 لاکھ 14 ہزار سے زائد ہے جبکہ ایک لاکھ 80 ہزار 550 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ایسے میں شمشان گھاٹ میں مسلسل مردوں کو جلانے کا عمل جاری ہے۔

گیس اور لکڑی کی بھٹیاں بھارتی شہر گجرات میں قریباً چوبیس گھنٹے چل رہی ہیں، مسلسل چلنے کی وجہ سے ان کے دھاتی پُرزے بھی پگھلنا شروع ہو گئے ہیں۔ رائٹرز سے بات کرتے ہوئے بھارتی شہر سورت میں موجود ایک شمشان گھاٹ کے صدر کملیش کا کہنا تھا کہ ہم مردوں کو بروقت جلانے کی سو فیصد کوشش کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسپتالوں اور شمشان گھاٹ میں کام کرنے والوں کے مطابق اسپتالوں میں مکمل اور آکسیجن اور ادویات کی فراہمی میں مشکلات درپیش ہیں، کئی بڑے شہروں میں کورونا وائرس پروٹوکول کے تحت بڑی تعداد میں جنازوں اور تدفین کی اطلاع ہے جبکہ سرکاری اعداد و شمار اس سے کئی گنا کم ہیں۔

پیر کے روز بھارت میں کورونا وائرس کے دو لاکھ 73 ہزار 810 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے بھی زیادہ تھی۔ بھارت میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں ہونے والے بے پناہ اضافے کے بعد گزشتہ شب سے نئی دہلی میں ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا تھا۔ بھارت کے طبی ماہرین کے مطابق اس وقت کورونا کیسز میں ہونے والے اضافے کے باعث ملک کے نظام صحت پر غیر معمولی دباؤ ہے۔ عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت میں اب تک 12 کروڑ 30 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے جب کہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یکم مئی سے 18 سال کی عمر کے تمام افراد بھی کورونا ویکسین لگوانے کے مجاز ہوں گے۔