سرگودہا میں کسانوں سے گندم کی خریداری کا سلسلہ شروع کر دیا گیا

منگل 20 اپریل 2021 12:44

سرگودہا میں کسانوں سے گندم کی خریداری کا سلسلہ شروع کر دیا گیا
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء)ڈپٹی کمشنر سرگودھا نائلہ باقر نے تمام تحصیلوں میں قائم گندم خریداری مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے مراکز پر گندم کی خریداری، باردانہ کے اجراء اورکاشتکاروں کی رجسٹریشن کے علاوہ دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سرگودہا میں کسانوں سے گندم کی خریداری کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔

جس میں کسانوں سے ان کی گندم کا ایک ایک دانہ خریدا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بتایا گیا کہ امسال ضلع سرگودہا میں 80ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسان مڈل مین کو گندم فروخت کرنے کی بجائے حکومتی خریداری مراکز پر لائیں جہاں انہیں نقد ادائیگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔سرگودہا میں 13خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں۔جہاں1800روپے فی من کے حساب سے گندم خریداری جا رہی ہے جبکہ 100 کلو کی بوری پر کسانوں کو 9روپے ڈلیوری چارجز بھی ملیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف تحصیلوں کے دورے کے دوران صفائی ستھرائی کے اقدامات کا جائزہ لیا اور تحصیل انتظامیہ کو صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔