رمضان بازاروں میں اب تک 10 کلو آٹے کے 22لاکھ 70 ہزار 709 تھیلے فروخت ہو چکے ہیں‘ رپورٹ

آلو، پیاز، ٹماٹر، بھنڈی، کدو، کیلا، سیب، ایرانی کھجور، دال چنا، بیسن، لیمن، لہسن اور امرودکی 25 فیصدرعایتی نرخوں پر فروخت جاری

منگل 20 اپریل 2021 16:04

رمضان بازاروں میں اب تک 10 کلو آٹے کے 22لاکھ 70 ہزار 709 تھیلے فروخت ہو چکے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) محکمہ صنعت وتجارت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ رمضان بازار مانیٹرنگ رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں قائم 314 رمضان بازاروں میں اب تک 10 کلو آٹے کے 29 لاکھ 36 ہزار 251 تھیلے فراہم کیے گئے ہیں۔جن میں سے 375 روپے فی تھیلہ کے حساب سے 22لاکھ 70 ہزار 709 تھیلے فروخت ہو چکے ہیں۔ 19 اپریل کو رمضان بازاروں میں 2 لاکھ 82 ہزار278 تھیلے فراہم کیے گئے جن میں سے 2 لاکھ 36 ہزار 568 آٹے کے تھیلے فروخت ہوئے۔

اسی طرح شوگر ملوں سے اب تک758403 13 کلو گرام چینی اٹھائی گئی جس میں سے 3995644 کلو گرام چینی فروخت ہوئی۔ 19اپریل کو شوگر ملوں سے 13 لاکھ 51 ہزار 184 کلو گرام چینی اٹھائی گئی اور رمضان بازاروں میں 6 لاکھ 39 ہزار 188 کلو گرام چینی 65روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہوئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق رمضان بازاروں میں اب تک مرغی کا گوشت 359978 کلو گرام فروخت ہوا جب کہ 19523 درجن انڈے فروخت ہوئے۔

18 اپریل کو رمضان بازاروں میں مرغی کا گوشت 364 روپے فی کلو گرام جبکہ کھلی مارکیٹ میں 374 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہوا۔ جبکہ انڈے رمضان بازاروں میں 159 اور کھلی مارکیٹ میں 164 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت ہوئے۔ رمضان بازاروں میں قائم زرعی فیئر پرائس شاپس پر پیاز، آلو، ٹماٹر سمیت دیگر 13 اشیا ضروریہ نوٹیفائیڈ ڈی سی ریٹس سے 25 فیصد کم قیمتوں پر فروخت ہوئیں ۔

رمضان المبار ک کے دوران اشیا ضروریہ کی طلب و رسد قیمتوں اور معیار کی مانیٹرنگ کے لیے 1201 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور اِن مجسٹریٹس نے 19 اپریل کو 16 ہزار 434 انسپکشنز کیں۔2326 اوور چارجنگ، ذخیرہ اندوزی اور دیگر خلاف ورزیاں سامنے آئیں جن پر 138مقدمات۔ درج ہوئے اور 88 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ضلع ملتان میں خلاف ورزیوں پر سب سے زیادہ 2 لاکھ 74ہزار 200 روپے جرمانہ عائد کیاگیا جبکہ سب سے کم جرمانہ ضلع جھنگ میں 22 ہزار روپے عائد ہوا۔ ناپ تول کے پیمانوں کی چیکنگ کے لیے 1543 انسپکشنز کی گئیں 43 خلاف ورزیاں سامنے آئیں جن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

متعلقہ عنوان :