”ویکسین لگوانے کا بہت فائدہ ہے، اگر کورونا دوبارہ ہو بھی جائے تو جان لیوا نہیں ہوتا ہے“

اماراتی حکام نے ویکسین سے متعلق نئی ریسرچ کی رپورٹ جاری کر دی، ویکسین لگوانے کے بعد کورونا کا حملہ معمولی نوعیت کا ہوتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 اپریل 2021 16:29

”ویکسین لگوانے کا بہت فائدہ ہے، اگر کورونا دوبارہ ہو بھی جائے تو جان ..
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اپریل2021ء) دُنیا بھر میں ویکسی نیشن کا عمل ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔ امارات میں بھی کورونا ویکسین کی ایک کروڑ کے لگ بھگ خوراکیں دی جا چکی ہیں، جبکہ 40لاکھ سے زائد افراد نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی ہیں۔ ابوظبی پبلک ہیلتھ سنٹر کی جانب سے ایک تحقیقاتی رپورٹ سامنے آئی ہے جس کے مطابق کورونا ویکسین لگوانے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ دوبارہ کورونا کا حملہ نہیں ہوتا۔

اگر خدانخواستہ ویکسین کے بعد بھی کوئی شخص کورونا کا شکار ہو جائے تواس پر اس موذی بیماری کا حملہ اتنا خطرناک نہیں ہوتا کہ ہسپتال جانے کی نوبت پیش آ جائے۔ امارات کے طبی ماہرین کے مطابق ویکسین لگوانے کے بعد یہ گارنٹی تو نہیں ہوتی کہ آپ اس وبا سے سو فیصد محفوظ ہو گئے ہیں تاہم اتنا فائدہ ضرور ہوتا ہے کہ کورونا کا وائرس پوری طاقت سے حملہ نہیں کر سکتا، کیونکہ ویکسین لگوانے کے بعد جسم میں اینٹی باڈیز پیدا ہو جاتی ہیں، جو وائرس کے حملے کا پوری شدت سے مقابلہ کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس وجہ سے اگر وائرس کسی ویکسین شدہ جسم کو اپنی نشانہ بنا بھی لے تو علامات اتنی شدید نہیں ہوتیں کہ جان کو خطرہ لاحق ہو سکے۔ امارات میں کچھ افراد ویکسی نیشن کے بعد بھی کورونا کا شکار ہوئے، وہ بھی اس وجہ سے کہ ویکسین کے بعد بھی ان میں پوری اینٹی باڈیز پیدا نہیں ہوئی تھیں تاہم انہیں ہسپتال لے جانے کی نوبت نہیں آئے۔ ان کی بیماری بہت معمولی نوعیت کی تھی، بلکہ کچھ میں تو علامات بھی ظاہر نہیں ہوئیں۔

یہ افراد گھر پر ہی قرنطینہ اختیار کرنے کے بعد صحت مند ہو گئے۔ اس سے پتا چلتا ہے کہ ویکسین کے بعد کورونا کا شکار ہونے پر ہسپتال یا آئی سی یو تک جانے کی نوبت پیش نہیں آتی ہے۔ اس نئی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ویکسین لگوانے کے بعد کوروناکا شکار ہونے والوں میں صرف 7 فیصد ایسے تھے جنہیں حالت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔ باقی 93 فیصد گھر پر ہی صحت یاب ہو گئے۔

جبکہ کورونا ویکسین لگوانے والوں کا اس موذی وائرس کا نشانہ بننے والوں میں صرف پانچ فیصد کو آئی سی یو منتقل کرنا پڑا۔ان میں سے کوئی بھی شخص اس بیماری سے ہلاک نہیں ہوا۔ ان اعداد و شمار سے ویکسین کی یہ افادیت ثابت ہوئی ہے کہ ویکسین لگوانے کے بعد دوبارہ کورونا ہونے پر موت واقع ہونے کے امکانات بہت کم ہو جاتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق ویکسین نہ لگوانے والوں میں کورونا کے وائرس داخل ہو کر اپنی تعداد تیزی سے بڑھا لیتے ہیں۔ خصوصاً پھیپھڑوں پر شدید حملہ کر کے نظام تنفس میں خرابی پیدا کر کے انسان کی موت کا باعث بن جاتے ہیں۔ جبکہ ویکسین لگنے کے بعد اینٹی باڈیز وائرسز کو تیزی سے بڑھنے سے روکتی ہیں۔ اس لیے ویکسین لگوانا ہی کورونا سے بچاؤ کا بہترین حل ہے۔

متعلقہ عنوان :