نابلس میں اسرائیلی فوج کی فائرننگ سے ایک فلسطینی لڑکاجاں بحق

اسرائیلی فوجیوں نے میت ہلال احمر کے حوالے کر دی ،واقعے کے بعد اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں میں تصادم،چارزخمی

جمعرات 6 مئی 2021 12:38

نابلس میں اسرائیلی فوج کی فائرننگ سے ایک فلسطینی لڑکاجاں بحق
مقبوضہ بیت المقد س /تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) فلسطین کے علاقے غرب اردن کے شمالی شہرنابلس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی لڑکا جاں بحق ہو گیا جس کے بعد فلسطینیوں کی بڑی تعداد احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئی۔ مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم چار فلسطینی زخمی ہوگئے۔

اس واقعے کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں الشیخ جراح کے مقام پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے کم سے کم 4 فلسطینی زخمی ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق الشیخ جراح کا علاقہ گذشتہ کچھ ہفتوں سے اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کا مرکز ہے۔ اسرائیل اس علاقے میں موجود فلسطینیوں کو طاقت کے ذریعے وہاں سے نکال باہر کرنا چاہتا ہے جبکہ فلسطینی اپنے گھروں کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے سعید یوسف عودہ شہید ہوگیا۔ اس کی عمر 16 سال بیان کی جاتی ہے۔ اس کا تعلق نابلس کے نواحی علاقے اودلا سے ہے۔ادھر اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں بتایا کہ بیتا گائوں میں فلسطینیوں کے ایک گروپ نے فوجیوں پر پٹرول بم پھینکے جس کے بعد فوجیوں نے فلسطینیوں پر فائرنگ کی۔ بیان میں کہا گیا کہ فوج اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

دوسری جانب ایک مقامی فلسطینی رہ نما اور ادولا کی دیہی کونسل کے رکن ھشام عبدالجبار نے بتایا کہ افطار کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے قصبے کے داخلی راستے سیل کرکے مقامی فلسطینیوں پر اندھا دھند گولیاں چلانا شروع کر دیں۔فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن نائل راشد نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان سعید کی میت ہلال احمر کے حوالے کر دی ہے۔