شہریوں کو عید کی خریداری کیلئے مزید ایک دن مل گیا

سندھ حکومت نے این سی او سی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، ہفتے کے روز بازار کھلے رکھنے کا اعلان

muhammad ali محمد علی جمعرات 6 مئی 2021 21:48

شہریوں کو عید کی خریداری کیلئے مزید ایک دن مل گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2021ء) سندھ میں ہفتے کے روز بازار کھلے رکھنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ملک میں کورونا وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے دیے گئے احکامات کے برعکس 8 مئی کو بھی بازار کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ صوبے میں شہریوں کو 8 مئی بروز ہفتہ بھی شاپنگ کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ لاک ڈاون کا نفاذ 8 اور 9 مئی کی درمیانی شب سے شروع ہوگا۔

اس سے قبل جمعرات کے روز وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ سندھ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے پرائیوٹ اسپتالوں سے بات کی ہے۔نجی اسپتالوں کو کرونا ویکسین دی جائے گی وہ مفت لگائیں گے۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہوٹلز میں قرنطینہ سہولتیں بحال کی جارہی ہیں، کراچی میں کل سے کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔

کراچی میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 5 سے 14۔23 فیصد اور حیدر آباد میں 18.1 فیصد سے کم ہو کر 11.92 فیصد ہوگیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ کراچی شرقی اور جنوبی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، وزیر اعلی نے اسپتالوں کے آلات اور کرونا عملے کے آڈٹ کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ جن اسپتالوں میں سہولتیں کم ہیں ان کو فوری پورا کیا جائے۔اجلاس میں عید الفطر کے پیش نظر سخت ہدایات جاری کی گئیں، ترجمان وزیر اعلی ہاوس کے مطابق اتوار سے عید کی چھٹیوں تک مزید سختیاں کی جائیں گی، کل سے اتوار تک ریستورانوں کی ٹیک اوے سروس مغرب تک ہوگی، اس کے بعد مغرب کے بعد صرف ہوم ڈیلوری کی جاسکے گی۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گروسری کی دکانیں 6 بجے تک کھلی رہیں گی، فارمیسیز کو پابندیوں سے استثنی حاصل ہوگا، ویکسی نیشن سینٹر 24 گھنٹے کام کریں گے، عید کے دنوں میں ہاکس بے اور سی ویو بند ہوگا۔