آپ ہمارے سامنے گول مول نہ کریں، آپ کو کیس کا پتہ ہی نہیں اسی لئے ہمیں صحیح بات ہی نہیں بتا رہے ہیں،ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کی سرزنش

جمعہ 7 مئی 2021 15:22

آپ ہمارے سامنے گول مول نہ کریں، آپ کو کیس کا پتہ ہی نہیں اسی لئے ہمیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) سپریم کورٹ میں رواں ہفتے دوسری بار کیس کی تیاری کے بغیر عدالت پیش ہونے پر چیف جسٹس ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب واجد گیلانی پر برہم ہوگئے اور آئندہ سماعت پر ایڈوکیٹ جنرل کو خود عدالت میں پیش ہوکر دلائل دینے کا حکم دیا ہے ۔جمعہ کو دور ان سماعت چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کی سرزنش کی کہ آپ ہمارے سامنے گول مول نہ کریں، آپ کو کیس کا پتہ ہی نہیں اسی لئے ہمیں صحیح بات ہی نہیں بتا رہے ہیں۔

جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہاکہ آپ امیدواروں کی سریل وائیز لیسٹ دکھا رہے ہیں ہمیں میرٹ لسٹ دیں۔ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ غلطی ہوگئی عدالت وقت دے تو اگلی سماعت پر مکمل دستاویزات پیش کر دوں گا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہاکہ عجیب بات ہے آپ ہر وقت غلطی میں ہوتے ہیں، عدالت کے ساتھ ایسا نہ کریں، کیس میں درست دلائل نہیں دے سکتے تو چھوڑ دیں، ایڈوکیٹ جنرل کو اگلی سماعت میں بلائیں۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ عدالت سے گزارش ہے ایڈوکیٹ جنرل کو آرڈر نہ کرے میں خود تیاری کر لوں گا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ معاملات کو نہیں سمجھ سکتے ایڈوکیٹ جنرل کو آنے دیں۔ بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی ،ہائیکورٹ فیصلہ کے خلاف چئرمین ریکروٹمنٹ کمیٹی وہاڑی نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھا ہے ،ہائیکورٹ نے امیدواروں کو مستقبل میں آنے والی پوسٹوں پر بھرتی کرنے کا حکم دیا تھا