الخدمت کے تحت ’’آغوش ہوم ‘‘ کراچی کے بچوں کیلئے دعوت افطار کا اہتمام

افطار میں یتیم بچوں کی ماؤں اور سرپرستوںنے بھی شرکت کی ،بچوں کو عید کی شاپنگ کیلئے نقد رقوم ،عیدی اورتحائف دیئے گئے الخدمت یتیموں کی کفالت کے کام کو وسعت دینا چاہتی ہے ،مائیں اپنے بچوں کو دین کی تعلیم دیں ،چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ

جمعہ 7 مئی 2021 18:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) ۱لخدمت کراچی کے تحت گلشن معمار میں قائم اقامتی ادارے ’’ آغوش ہوم ‘‘ کے رجسٹرڈٖ یتیم بچوں کیلئے الخدمت ہیڈ آفس میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا ،جبکہ ان بچوں کو عید الفطر کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے الخدمت کی جانب سے نقد رقوم اور عیدی اور تحائف بھی دیئے گئے ۔تقریب کی صدارت چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کی۔

دعوت افطار سے ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی اورسینئر منیجر ریسور س موبلائزیشن عنایت اللہ اسماعیل نے بھی خطاب کیا، جبکہ ،ڈائریکٹر الخدمت آرفن کیئر پروگرام فاروق کملانی ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ،ڈاکٹر اقبال میاںو دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔افطار کے موقع پر روزہ دار بچوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی ۔

(جاری ہے)

بچوں اور ان کی ماؤں کا کہنا تھا کہ الخدمت ان کے سر پر سائبان کی طرح ہے ۔

الخدمت نے ہمیں عید کی خوشیوں میں شریک کیا ہے اورہم اس عید کو بھرپور انداز میں منائیں گے ۔دعوت افطار کے موقع پر بچوں اور ان کی ماؤں سے خطاب میں نوید علی بیگ نے کہا کہ انسان اللہ کی سب سے افضل مخلوق ہے ۔آج کے بچے مستقبل کے معمار ہیں ۔مائیں اپنے بچوں کو دین کی تعلیم دیں تاکہ جب یہ بڑے ہوں تو اس کو سمجھ سکیں اور اقامت دین کیلئے کام کر سکیں ۔

انہوں نے ماؤں سے کہا کہ ایک بچے کیلئے باپ کے سایہ سے محرومی ایک بڑا نقصان ہوتا ہے اور آپ اس نقصان کا بہترین بدل ہیں ۔الخدمت اپنی کام کر رہی ہے ۔آپ ان کی بہترین تربیت کو اپنا شعار بنائیں ۔انہوں نے بچوں سے کہا اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں ،علم حاصل کریں کیونکہ آپ ملک وقوم کا مستقل ہیں۔ نویدعلی بیگ کا کہنا تھا کہ الخدمت ملک بھر میں کفالت یتامیٰ پروگرام کے ذریعے 14ہزارسے زائد بچوں کی کفالت کررہی ہے ،جبکہ صرف کراچی میں الخدمت ایک ہزار 174بچوں کی کفالت کر رہی ہے ۔

الخدمت ان بچوں کی 4 ہزار روپے ماہانہ اور 48ہزار روپے سالانہ سے کفالت کر رہی ہے،جس سے ان بچوں کے تعلیمی ودیگر ضروری اخراجات پورے ہوتے ہیں،جبکہ ان بچوں کیلئے سارا سال مختلف تفریحی،تعلیمی اورتربیتی تقریبات کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے ،تاکہ ان بچوں کی صلاحیتیں کوپروان چڑھایاجا سکے اور یہ بچے ملک کا روشن مستقبل بن سکیں ۔اہل خیر کو چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں الخدمت کے ساتھ تعاون کریں ۔

راشد قریشی نے کہا کہ رمضان رحمت اور مغفرت کا مہینہ ہے ۔اس ماہ میں زیادہ سے زیادہ اللہ سے رجوع کیا جائے اور مغفرت اور جہنم سے نجات طلب کی جائے ۔اس ماہ میں کوئی لمحہ ایسا نہیں جو قبولیت سے خالی ہو ۔انہوں نے اختتامی دعابھی کروائی ۔عنایت اللہ اسماعیل نے کہا کہ الخدمت کے زیر کفالت یتیم بچے سارا سال ہم سے جڑے رہتے ہیں ۔الخدمت کی خواہش تھی کی مقدس ماہ میں ان کے ساتھ افطار کا اہتمام کرے ۔

دعوت افطار میں شریک بچے وہ یتیم بچے ہیں جو الخدمت کے گلشن معمار میں تعمیر ہونے والے آغوش ہوم میں داخل ہوں گے اوریہ آغوش ہوم کیلئے پہلی بار رجسٹرڈ ہوئے ہیں ۔الخدمت ان بچوں کیلئے اپنے ڈونر ز کے تعاون سے ان کی تعلیم ،خوراک ،لباس ،تفریح ،علاج معالجہ کا انتظام کرے گی ۔تقریب کے اختتام پربچوں میںعیدالفطر کی شاپنگ کیلئے نقد رقم ،عیدی اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔