بے قابو چینی راکٹ مالدیپ کے قریب بحر ہند میں گر گیا

راکٹ کا کافی ملبہ فضا میں ہی جل گیا تھا،کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،چینی میڈیا

اتوار 9 مئی 2021 13:10

بے قابو چینی راکٹ مالدیپ کے قریب بحر ہند میں گر گیا
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2021ء) بے قابو چینی راکٹ مالدیپ کے قریب بحر ہند میں گر گیا۔چینی میڈیا کے مطابق چین کا 21 ٹن وزنی راکٹ کا ملبہ بحرہند میں مالدیپ کے قریب گر گیا ہے۔ راکٹ کا کافی ملبہ فضا میں ہی جل گیا تھا۔لانگ مارچ 5B نامی یہ راکٹ چینی خلائی اسٹیشن کے لیے سامان کی ترسیل کے بعد واپس آتے ہوئے کنٹرول سے باہر ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

چینی وزارت خارجہ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ راکٹ کا بیشتر ملبہ زمین پر داخلے سے قبل ہی جل کر خاک ہو جائے گا اور اس سے کسی نقصان کا اندیشہ نہیں ہے۔سائنسدانوں کے مطابق اب تک کے ڈیٹا کے حساب سے راکٹ کے ملبے کے گرنے کا مقام نیوزی لینڈ کے نارتھ آئی لینڈ کے قریب ہے۔لانگ مارچ 5B نامی اس راکٹ میں چینی خلائی اسٹیشن کے لیے سامان موجود تھا۔