”اس بار عید کے خطبے میں کوروناویکسین کی اہمیت پر بات کی جائے گی“

سعودیہ میں تمام خطیبوں کو ہدایت کی گئی ہے ہے کہ عید کے خطبوں ویکسین لگوانے کی افادیت پر زور دیا جائے تاکہ منفی پراپیگنڈے کا توڑ ہو سکے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 مئی 2021 14:17

”اس بار عید کے خطبے میں کوروناویکسین کی اہمیت پر بات کی جائے گی“
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 مئی2021ء) دُنیا بھر کو گزشتہ ڈیڑھ سال سے کورونا کی مہلک وبا کا سامناہے۔ سعودی عرب میں بھی اس وبا کی وجہ سے معمولات زندگی بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ خصوصاً سعودیہ کی تیل کی معیشت گزشتہ سال عالمی لاک ڈاؤن کی وجہ سے انتہائی بُرے حالات سے گزری ہے۔ اس وقت بھی معاشی اور کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہیں۔

اس کے علاوہ عمرہ اور حج بھی محدود ہونے سے دُنیا بھر کے لاکھوں مسلمان افراد دُکھ اور مایوسی کی کیفیت میں ہیں۔ اگرچہ سعودی عرب میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اب تک1 کروڑ کے لگ بھگ ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں، تاہم کچھ شرپسند عناصر کی جانب سے ویکسین کے بارے میں وقتاً فوقتاً گمراہ کن پراپیگنڈہ بھی کیا جاتا ہے جس سے متاثر ہو کر سادہ لوح افراد ویکسین لگوانے سے ہچکچاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس منفی پراپیگنڈے کا توڑ کرنے کے لیے سعودی حکومت نے اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اس بار عید الفطر کے خطبات میں کورونا ویکسین کی اہمیت اور افادیت پر بات کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر برائے اسلامی امور و دعوت و رہنمائی عبداللطیف آل الشیخ نے مملکت بھر کی تمام مساجد کے خطیبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بار عید الفطر کے خطبے کے ذریعے ویکسین کی اہمیت اور ضرورت کو اُجاگر کریں۔

عید کی نماز پڑھنے آئے افراد کو ترغیب دیں کہ وہ فی الفور ویکسین لگوا لیں تاکہ اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو اس موذی وبا سے محفوظ رکھ سکیں۔ نمازیوں کو بتایا جائے کہ سعودی مملکت کو معاشی بحران سے نکالنے اور حالات معمول پر لانے کے لیے ایک ہی راستہ ویکسین لگوانے کا ہے۔ تمام افراد کو ویکسین لازمی لگوانی ہو گی۔ سعودی خطی لوگوں کو ایک دوسرے سے مصافحہ نہ کرنے اور گلے نہ ملنے کی ہدایت بھی کریں گے۔ اور انہیں ہجوم سے بچنے اور حفاظتی ماسک کے استعمال کی ترغیب بھی دیں گے۔ اس کے علاوہ عید پر تقریبات میں کم لوگوں کی شمولیت پر بھی زور دیا جائے گا۔