نیب نے شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کر لیا

نیب لاہور کی جانب سے سپریم کورٹ میں شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 مئی 2021 14:23

نیب نے شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2021ء) : نیب نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نیب لاہور کی جانب سے سپریم کورٹ میں شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں نیب کی پراسیکیوشن ٹیم نے اپیل دائر کرنے کے لیے تیاری شروع کردی ہے۔

نیب کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام اقدامات آئین وقانون کے مطابق کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر کیے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ 22 اپریل کو لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثوں کےکیس میں ضمانت پر رہا کیا تھا اور پھر عدالت نے انہیں 8 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ نے کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 50، 50 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔

اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ بھی جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل نہیں ، نام بلیک لسٹ میں شامل ہے تو بھی علاج کیلئے برطانیہ جانے سے نہیں روکا جائے گا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ شہباز شریف کوعلاج کے لیے ایک بار 8 مئی سے 3 جولائی تک برطانیہ جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ جس کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

لیکن 8 مئی کوشہباز شریف لاہور ائیرپورٹ سے قطر روانہ ہورہے تھے جہاں سے انہیں طبی معائنے کے لیے لندن جانا تھا لیکن ائیرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا تھا۔ امیگریشن حکام کی جانب سے بیرون ملک روانگی کی اجازت نہ دیے جانے پر شہباز شریف واپس گھر روانہ ہوگئے تھے۔