جامعة المدینہ کو ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹ کادرجہ مل گیا

ڈگری ایم اے اسلامیات وعربی کے مساوی شماری ہوگی،ہائر ایجوکیشن کمیشن نے منظوری دیدی

بدھ 12 مئی 2021 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) دعوت اسلامی کے زیرانتظام چلنے والے جامعة المدینہ کو ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹ کادرجہ حاصل ہوگیا،ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعة المدینہ کو ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹ کادرجہ دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم نے دعوت اسلامی کو اپنا تعلیمی بورڈ بنانے کی اجازت دیدی ہے، جس کے بعد کنزالمدارس کے نام سے بورڈ کا قیام عمل لایا جاچکا ہے اور اس بورڈ کے صدر رکن شوریٰ حاجی جنید عطاری مدنی ہوں گے،جامعة المدینہ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹ کیلئے دستاویزات جمع کرارکھی تھیں، ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹ کادرجہ ملنے کے بعد جامعة المدینہ الشھادةالعالمیہ کی ڈگریاں دینے کامجاز ہوگا، جامعة المدینہ الشھادة العالمیہ کی روایتی اورجدید طریقہ کارکے مطابق ڈگریاں جاری کرسکے گا۔

(جاری ہے)

الشھادةالعالمیہ کی ڈگری ایم اے اسلامیات وعربی کے مساوی شمار ہوگی۔ اس حوالے سے ترجمان دعوت اسلامی رکن شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا کہ ملک و بیرون ملک جامعة المدینہ سے امتحان دینے والے طلباء ایم اے کی ڈگری حاصل کرسکیں گے۔ رکن شوریٰ نے مزید کہا کہ جامعة المدینہ روایتی دینی اورجدید تقاضے سے ہم آہنگ نصاب تشکیل دے گا جوقرآن وحدیث،سیرت وفقہ،اسلامی تاریخ اورجدید اسلوب پر مشتمل ہوگا، دعوت اسلامی معاشرے میں دین اسلام کی ترویج واشاعت اورتعلیم کے فروغ کیلئے اپنامثبت کردارادا کرتی رہے گی۔

مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا کہ قوموں نے عروج علم وتحقیق کے میدان میں محنت کرکے ہی حاصل کیاہے، ہم بھی تعلیم کوفروغ دے کرہی ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ہمیں اپنے ملک کوعظیم تربنانے کیلئے علم وتحقیق کوفروغ دینا ہوگا،ہم ہرشہری کوعلم کے زیور سے آراستہ کرکے ہی کامیاب معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :