ہم آپ سے دور بہت دور ہیں، مگر ہمارے دل تمہارے ساتھ دھڑکتے ہیں

شاہد آفریدی بھی فلسطینیوں کی حمایت میں میدان میں آگئے

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 20 مئی 2021 08:16

ہم آپ سے دور بہت دور ہیں، مگر ہمارے دل تمہارے ساتھ دھڑکتے ہیں
کوئٹہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 مئی 2021ء ) ممتاز آل راؤنڈراور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان شاہد خان آفریدی بھی فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف ان کی حمایت میں میدان میں آگئے۔بوم بوم آفریدی نے اپنے گھر کے گارڈن میں بیٹی کے ساتھ فلسطین کے جھنڈے بلند کیے اور بعد ازاں اپنی بیٹی کے ہمراہ دوران سفر فلسطینی جھنڈا لہراتی تصاویر سوشل میڈیا پر شئیر کی ہیں۔

شاہد خان آفریدی نے اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیغام ارض فلسطین کے بچوں تمہارے لیے ہے، ہم آپ سے دور بہت دور ہیں، مگر ہمارے دل تمہارے ساتھ دھڑکتے ہیں،اسی طرح جس طرح سے ہمارے آباؤاجداد کے دل تمہارے آباؤ اجداد کے ساتھ دھڑکتے تھے، دکھ، اندیشہ، خوف اور فکر کی تمام گرہیں عارضی ہیں، غم کی تمام راہیں عارضی ہیں۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی کی اس سوشل میڈیا پوسٹ کو ان کے مداحوں کی جانب سے بہت سراہا جا رہاہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل باکسر عامر خان بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر چکے ہیں اور انہوں نے اپنے لندن میں واقع گھر میں فلسطین کا پرچم بلند کیا تھااور فلسطینیوں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا علی اعلان دعویٰ کیا۔اس وقت دنیا بھر سے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی جارہی ہے ا ور کئی ممالک میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا جا رہا ہے مگر عملی طور پر کوئی بھی ملک اتنا آگے نہیں بڑھ رہا کہ اس کی وجہ سے اسرائیل اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں میں کسی قسم کی کمی لا سکے یا جنگ بندی کے لیے تیار ہو سکے۔

تاہم حکومت پاکستان نے اپنا واضح اور دوٹوک موقف دنیا کے سامنے رکھا ہوا ہے کہ وہ ہر قیمت پر فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔اب تک اسرائیلی بمباری اور دیگر کارروائیوں میں سینکڑوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور کئی تعلیمی ادارے اور میڈیاؤسز کے علاوہ صحت کے مراکز بھی تباہ ہو چکے ہیں۔