’چینی ویکسی نیشن کو تسلیم کیا جائے‘ پاکستان نے معاملہ سعودی حکومت کے سامنے رکھ دیا

سعودی حکومت کی عازمین حج کے لئے کورونا ویکسی نیشن کی شرط کے معاملے پر پاکستانی وزارت خارجہ کا سعودی حکومت سے رابطہ، پاکستان نے سعودی حکومت سے چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کردی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 22 مئی 2021 19:28

’چینی ویکسی نیشن کو تسلیم کیا جائے‘ پاکستان نے معاملہ سعودی حکومت ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 مئی 2021ء ) سعودی حکومت کی عازمین حج کے لئے کورونا ویکسی نیشن کی شرط کے معاملے پر پاکستانی وزارت خارجہ نے سعودی حکومت سے رابطہ کرلیا ، پاکستان نے سعودی حکومت سے چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کردی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نےچین کےعلاوہ دیگر ممالک کی ویکسین فوری لگوانا مشکل قرار دے دیا ، اس ضمن میں پاکستان کا موقف ہے کہ پاکستانیوں نےچینی ویکسین لگوائی ہے،ڈاکٹرزدوبارہ کوئی اور ویکسین لگوانے کی اجازت نہیں دیتے، اس لیے سعودی وزارت صحت چینی ویکسین کواجازت دے، کیوں کہ ڈبلیو ایچ او نے چینی ویکسین کو منظور کرلیا ہے، لہٰذا چینی ویکسی نیشن کو تسلیم کیا جائے۔

دوسری طرف سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستانی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کی وجہ سے کسی پاکستانی کے حج سے محروم رہنے کا امکان نہیں ہے ، اگر سعودی عرب نے ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کی شرط رکھی تب بھی پاکستانی عازمین حج کرسکیں گے، پاکستان کے پاس ایسٹرازینیکا ویکسین کی لاکھوں خوراکیں موجود ہیں ، مزید ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین اگلے مہینے ملنے کی توقع ہے ، پاکستانی حکام کے مطابق غیر ملکیوں کیلئے حج پالیسی کا اعلان ابھی نہیں ہوا اور حاجیوں کیلئے ویکسی نیشن سے متعلق خبریں صرف افواہیں ہیں، غیر ملکیوں کیلئے حج پالیسی کا اعلان 27 مئی کو متوقع ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ کے ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کو حج کے لیے آنے کی اجازت ہو گی تاہم انہیں کورونا ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرنا ہو گا جن میں ویکسی نیشن کی شرط بھی شامل ہے تاہم حاجیوں کی تعداد محدود رکھے جانے کا امکان ہے ، سعودی عرب کے نائب وزیر مملکت حج عبد الفتاح مشا نے کہا ہے کہ حج بیت اللہ کو معطل نہیں کیا جائیگا،حج کیلئے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں، حجاج کرام اور زائرین کی سہولت کیلئے سعودی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ، حج کیلئے آنے والوں کیلئے ویکسین لازمی ہو گی ، حج کے بارے میں تفصیلات اور طریقہ کار کے بارے میں شوال کے مہینہ میں اعلان کر دیا جائے گا۔