سعودیہ نے فرانس سے گوشت اور انڈوں کی درآمد پر پابندی لگا دی

سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے یہ فیصلہ فرانس میں برڈ فلو کی وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 9 جون 2021 11:08

سعودیہ نے فرانس سے گوشت اور انڈوں کی درآمد پر پابندی لگا دی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9جون 2021ء) سعودی عرب کی جانب سے گزشتہ روز ایک اہم فیصلہ لیا گیا ہے جس کے تحت فرانس سے کچھ غذائی مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کے مطابق یہ پابندی عارضی نوعیت کی ہے۔ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فرانس میں برڈ فلو کے پھیلاؤ کے خطرے کو سامنے رکھتے ہوئے فرانس کے تین علاقوں سے گوشت، انڈے اور ان سے بننے والی مصنوعات کی درآمد پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔

فرانس کے تین علاقوں لینڈز،پیرینیز اٹلانٹک اور گیرس میں برڈ فلو کے کیسز سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے سعودی عرب سمیت کئی ممالک نے فرانس سے عارضی طور پر گوشت، انڈے اوران سے تیار مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کی ہے۔اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے یہ فیصلہ ان علاقوں میں انتہائی پیتھوجینک ایوی انفلوئنزا کے پھیلاؤ کے خدشات سے متعلق عالمی ادارہ برائے تحفظ حیوانات (OIE) کی جاری کردہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے مرغی کے گوشت ، انڈوں اور ان کی برڈ فلو کے خطرات سے محفوظ مصنوعات کوعارضی پابندی کے فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا ہے ، بہ شرطیکہ وہ صحت کے تقاضوں اور معیارات پر پورا اتریں۔ اس حوالے سے فرانس کی جانب سے خصوصی سرٹیفکیٹ دینا ہوگا تاکہ اس بات کی تصدیق ہو سکے کہ یہ مصنوعات صحت کے لیے مضر نہیں ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کو ہجوم میں ایک شخص نے تھپڑ مار دیا۔

فرانسیسی صدر کی سیکیورٹی نے فوری طور پر مداخلت کی اور مذکورہ شخص کو ایمانوئیل میکرون سے دور لے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعے میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایمانوئیل میکرون جنوب مشرقی فرانس میں ڈروم کے علاقے کے دورے پر تھے، جہاں انہوں نے ریسٹورنٹ مالکان اور طلبہ سے بات چیت کی تھی۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں سفید شرٹ میں ملبوس ایمانوئیل میکرون کو دھاتی رکاوٹوں کے پیچھے کھڑے ہجوم کی جانب پیدل جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فرانسیسی صدر نے ایک شخص سے مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا جس نے سبز رنگ کی شرٹ پہنی ہوئی تھی اور ساتھ میں گلاسز اور فیس ماسک پہنا ہوا تھا۔مذکورہ شخص کو ویڈیو میں ”میکرون کے اقدامات نامنظور“ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے جس کے بعد اس شخص نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے چہرے پر تھپڑ مار دیا۔جس پر ایمانوئیل میکرون کے 2 سیکیورٹی اہلکاروں نے سبز شرٹ میں ملبوس شخص کو گھیرلیا جبکہ دیگر ایمانوئیل میکرون کے ساتھ چلے گئے۔