سعودی عرب نے مساجد میں نماز جنازہ پڑھانے کی اجازت دے دی

سعودی وزیر برائے مذہبی امور نے نماز جنازہ پڑھانے کے لیے کورونا ایس او پیز کا اعلان کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 جون 2021 13:14

سعودی عرب نے مساجد میں نماز جنازہ پڑھانے کی اجازت دے دی
 مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 جون2021ء) سعودی عرب میں کورونا کی وبا کواپنے قدم جمائے ہوئے ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ اس دوران کئی ماہ کا لاک ڈاؤن بھی رہا جس دوران سعودیہ کی تمام چھوٹی بڑی مساجد کو عبادت کے لیے بند رکھا گیا۔ بعد میں مساجد کو بتدریج کھول دیا گیا ہے جہاں پر سماجی فاصلے اور ماسک کی پابندی کے ساتھ نماز کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

تاہم کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مساجد میں جنازہ لانے اور نماز جنازہ پڑھانے پر پابندی عائد تھی۔ اس حوالے سے سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے اہم اعلان کر دیا ہے جس کے تحت مساجد میں نماز جنازہ پڑھانے پر پابندی ہٹا لی گئی ہے۔ سعودی وزیر اسلامی امور شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے بتایا ہے کہ تمام مساجد میں جنازہ لانے اور نماز پڑھانے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم اس دوران کورونا ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پہلی شرط یہ عائد کی گئی ہے کہ جنازہ مسجد کے کسی ایک دروازے سے نہیں لایا جائے گا بلکہ متعدد دروازوں سے لایا جائے گا۔ جنازہ لانے کے لیے مسجد کا کوئی ایک دروازہ مقرر ہوگا۔ صرف اسی ایک مخصوص دروازے سے میت کے ساتھ آنے والے رشتہ دار داخل ہو سکیں گیے۔ جنازے کی نماز فرض نماز کے دوران ادا نہیں کی جائے گی ۔ مساجد میں نماز جنازہ فرض نماز سے ایک گھنٹہ پہلے یا بعد میں پڑھائی جا سکے گی۔

کسی بھی مسجد میں ایک وقت میں تین سے زیادہ جنازے نہیں لائے جا سکیں گے۔ نماز جنازہ کے دوران نمازیوں میں فاصلہ رکھا جائے گا اور ماسک کی پابندی بھی کروائی جائے گی۔ میت کے رشتہ داروں اور تعزیت کے لیے آئے افراد میں بھی دو میٹر کا فاصلہ قائم رکھا جائے گا۔ جنازہ لانے اور نماز جنازہ سے متعلق کارروائی کی نگرانی ایک سے زیادہ انچارجز کے ذمے ہو گی۔